قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کا آٹھواں رائونڈ مکمل

اسد آفریدی کی عمدہ بالنگ نے خیبرپختونخوا کو کامیابی دلادی ،سدرن پنجاب اور ناردرن کے درمیان میچ بے نتیجہ ختم

منگل 12 نومبر 2019 00:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2019ء) کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں خیبرپختونخوا ہ نے بلوچستان کو 83 رنز سے شکست دے دی ۔216 رنز کے تعاقب میں بلوچستان کی پوری ٹیم 132 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ خیبرپختونخوا کے اسپنر اسد آفریدی نے 33 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بلوچستان نے میچ کے تیسرے روز 4وکٹوں کے نقصان پر 81 رنز سے کھیل کا دوبارہ آغاز کیا تو ان کا کوئی کھلاڑی بھی اسد آفریدی کی گھومتی گیندوں کے سامنے زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 60ویں اوور میں آئوٹ ہوگئی۔

شہباز خان 22 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ اس سے قبل خیبرپختونخوا کی ٹیم 215 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی۔ شہرمیں جاری حالیہ بارشوں کے باعث دونوں ٹیموں کے کپتانوں کی باہمی رضامندی سے میچ کو ایک ایک اننگز تک محدود کردیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سدرن پنجاب اورناردرن کے درمیان ڈرنگ اسٹیڈیم بہالپور میں کھیلا گیا میچ ڈرا ہوگیا ۔ سدرن پنجاب نیدوسری اننگز میں ناردرن کے خلاف 4وکٹوں کے نقصان پر 363 رنز کی مجموعی سبقت حاصل کی تھی کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔

تیسرا روز مکمل ہوجانے کے باعث ناردرن کی ٹیم میچ میں دوسری اننگز کا آغاز نہ کرسکی۔اس سے قبل میچ کے آخری روز بغیر کسی نقصان کے 40رنز سے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کرنے والی سدرن پنجاب کی ٹیم نے دن کے اختتام پر 4وکٹوں کے نقصان پر 302رنز بنائے۔سدرن پنجاب کی جانب سے 3 بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ اوپنر انس مصطفی 78 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔

محمد عمیر اور محمد محسن بالترتیب 75 اور 72 رنزپر ناقابل شکست رہے۔اس سے قبل سدرن پنجاب کے 357 رنز کے جواب میں ناردرن کی ٹیم 296 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی تھی۔ادھر ایل سی سی اے گرانڈ لاہور میں سندھ اور سنٹرل پنجاب کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا۔میچ کے آخری روز بغیر کسی نقصان کے 298 رنز کی مجموعی سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کرنے والی سندھ نے 159 رنز پر اننگز ڈکلیئرڈ کردی ۔

عماد عالم 91 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ جاہد علی نے 63 رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ 352 رنز کے تعاقب میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم دوسری اننگزکے آغاز میں بھی مشکلات کا شکار رہی۔ 71 رنز پرابتدائی 3 وکٹیں گرنے کے بعد سنٹرل پنجاب کے مڈل آرڈر بیٹسمین علی زریاب اور سعد نسیم نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کریا۔ چوتھی وکٹ کے لیے دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 168 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ علی زریاب 101 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ سعد نسیم 93 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔سنٹرل پنجاب نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنائے تھے کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔ پہلی اننگز میں سندھ کے 332رنزکے جواب میں سنٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 140 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی۔
وقت اشاعت : 12/11/2019 - 00:15:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :