ٹور میچ، پاکستان نے آسٹریلیا اے کے خلاف تین روزہ میچ کی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں پر 336 رنز بنا لئے، بابراعظم 157 اور اسد شفیق 119 رنز بنا کر ناقابل شکست

پیر 11 نومبر 2019 23:45

پرتھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2019ء) پاکستان نے آسٹریلیا اے کے خلاف تین روزہ ٹور میچ کے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنا لئے، 60 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد بابر اعظم اور اسد شفیق حریف بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 276 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، بابر اعظم 157 اور اسدشفیق 119 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

پیر کو پرتھ میں شروع ہونے والے تین روزہ ٹور میچ کے پہلے روز پاکستانی ٹیم نے پہلی اننگز شروع کی تو اس کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 60 کے سکور پر اس کے ابتدائی تین کھلاڑی آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، شان مسعود 22، کپتان اظہر علی 11 اور حارث سہیل 18 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اس موقع پر بابر اعظم اور اسد شفیق نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر حریف بائولرز کا مقابلہ کیا اور دن ختم ہونے تک مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے پہلی اننگز میں 3 وکٹوں پر 336 رنز بنا لئے تھے، بابر اعظم 157 اور اسد شفیق 119 رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں۔ریلی مریڈتھ نے 2 اور مائیکل نیسر نے ایک وکٹ لی۔
وقت اشاعت : 11/11/2019 - 23:45:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :