شائی ہوپ کی ناقابل شکست سنچری، کالی آندھی نے افغانستان کو آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 5 وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں 3-0 سے وائٹ واش کر دیا، اصغر، محمد نبی اور حضرت اللہ کی نصف سنچریاں رائیگاں،ہوپ میچ اور روسٹن چیس سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار

پیر 11 نومبر 2019 23:45

لکھنؤ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2019ء) شائی ہوپ کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت کالی آندھی نے افغانستان کو تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 3-0 سے وائٹ واش کر دیا، فاتح ٹیم نے 250 رنز کا ہدف 49ویں اوور میں 5 وکٹوں پر حاصل کیا، اصغر افغان، حضرت اللہ زیزئی اور محمد نبی کی نصف سنچریاں رائیگاں گئیں، ہوپ میچ اور روسٹن چیس سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

پیر کو کھیلے گئے آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں افغانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے، اصغر افغان نے 6 چھکوں کی مدد سے 86 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، حضرت اللہ زیزئی اور محمد نبی 50، 50 رنز بنا کر دیگر نمایاں بلے باز رہے، ابراہیم زدران 2، رحمت شاہ 10، اکرام علی خیل 9، نجیب اللہ زدران 30 اور کپتان راشد خان بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، کیموپال نے 3 الزاری جوزف نے 2 رومیریو شیفرڈ اور روسٹن چیس نے ایک، ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم نے مطلوبہ ہدف 48.4 اوورز میں 5 وکٹوں پر پورا کیا، شائی ہوپ نے ڈٹ کر حریف بائولرز کا مقابلہ کیا اور 109 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، روسٹن چیس 42 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، کپتان کیرن پولارڈ 32، نیکولاس پوران 21، برینڈن کنگ 39، ایون لیوس 1 اور شمرون ہٹمائر بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، مجیب الرحمان نے 2 جبکہ شراف الدین اشرف، محمد نبی اور راشد خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
وقت اشاعت : 11/11/2019 - 23:45:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :