ابیٹ آباد، مشتا ق احمد غنی نے 33ویں قومی کھیلوں کی رنگا رنگ تقریب کا افتتاح کردیا

منگل 12 نومبر 2019 18:05

ابیٹ آباد، مشتا ق احمد غنی نے 33ویں قومی کھیلوں کی رنگا رنگ تقریب کا افتتاح کردیا
پشاور۔12نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2019ء) سپیکر کے پی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے 33ویں قومی کھیلوںکے ایبٹ آباد میں منعقدہونیوالے گیمز کی رنگا رنگ تقریب کا افتتاح کریا، ہر سو خوشیوں کی بہار شہریوں، کھلاڑیوں اور سکولز و کالجز کے طلبا وطالبات کی ایک بڑی تعداد امڈ آئی ، ایبٹ آباد کے کنج فٹبال گرائونڈ میں منعقد ہونیوالی اس تقریب کی صدارت پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن نے کی جبکہ سپیکر کے پی اسمبلی مشتاق احمد غنی مہمان خصوصی تھے جبکہ انکے علاوہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سید عاقل شاہ، چوہدری محمد یعقوب، عابد قادری، سیکرٹری خالد محمود، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد عامر آفاق، اسسٹنٹ کمشنر حسن احسان 1984اولمپکس کے ہاکی ایونٹ کے ہیرو نعیم اختر، سابق ڈی جی سپورٹس طارق محمود، ڈی ایس او ایبٹ آباد وسیم فضل سمیت مختلف محکموں کے اعلیٰ حکام اور شہریوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

قومی کھیلوں کے حوالے سے پہلی دفعہ ایبٹ آباد میں منعقد ہونے والی یہ رنگا رنگ پروقار تقریب اپنے اندر تمام علاقائی ثقافتی رنگ لئے نظر آئی گورنمنٹ ہائی سکول نمبر4ایبٹ آباد کے طلباء اور گرلز مڈل سکول اپر کنج کی طالبات کی جانب سے بینڈ ، ملی نغمے اور ہزارہ رنگ پیش کیا گیا اور اس کے علاوہ ملک اور خصوصاً ہزارہ کے نامور لوک گلوکارراحیل عباس بارکزئی اور ہری پور کی سپیشل لڈی ڈانس کی ٹیم کی انتہائی خوبصورت پرفارمنس نے حاضرین کو جھومنے پر مجبور کئے رکھا اس کے علاوہ ہزارہ کا روایتی ثقافتی رنگ بھی تقریب پر غالب نظر آیا اور سابقہ ڈی جی طارق محمود اور ڈی ایس او وسیم فضل کی کاوشوں سے ترتیب پانے والی یہ تقریب پشاور کی افتتاحی تقریب سے کئی گنا زیادہ پر اثر اور بہتر قرار پائی جبکہ مہمانان گرامی سمیت پاکستان بھر سے آئی ٹیموں کے کھلاڑیوں اور ان کے آفیشلز نے بھی اس تقریب کو بے حد سراہا اور بعد ازاں رنگ برنگے ٹریک سوٹس اور کپڑوں میں ملبوس کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کیا سپیکر کے پی اسمبلی مشتاق احمد غنی اور جنرل (ر) عارف حسن نے کھلاڑیوں سے سلامی لی جبکہ اس موقع پر اپنے خطاب میں سپیکر کے پی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے ایبٹ آباد میں قومی کھیلوں کے 5ایونٹس کے انعقاد کو اہلیان ہزارہ کیلئے ایک اعزاز قرار دیا اور حکومت سمیت پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا اس حوالے سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت کھیلوں اور سیاحت کے فروغ کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور جلد ہی ایبٹ آباد میں مرد و خواتین کے لئے علیحدہ علیحدہ سپورٹس جمنازیم کے قیام کو عملی شکل دے دی جائے گی جس سے یہاں بین الاقوامی سطح کی مزید سہولتیں قومی اور مقامی کھلاڑیوں کو میسر ہوں گی اس موقع پر مہمانوں میں سوینئرز اور دیگر تحائف بھی پیش کئے گئے ، ایبٹ آباد میں قومی کھیلوں کے 5ایونٹس رگبی، جوڈو، ویٹ لفٹنگ، جمناسٹک اور تائیکوانڈو منعقد ہو رہے ہے جن میں پاکستان آرمی، نیوی، پی اے ایف، ریلویز، واپڈا، پولیس، ہائیر ایجوکیشن کمیشن سمیت چاروں صوبوں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں ان ایونٹس میں ایک دوسرے کے مد مقابل ہیں۔

وقت اشاعت : 12/11/2019 - 18:05:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :