قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے ساتویں راوٴنڈ کا تیسرا روز مکمل

ناردرن کے نعمان علی کے 5 شکار، بلوچستان اور سنٹرل پنجاب کے درمیان میچ ڈرا کی جانب گامزن

بدھ 13 نومبر 2019 19:26

قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے ساتویں راوٴنڈ کا تیسرا روز مکمل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 نومبر2019ء) نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ناردرن کو دوسری اننگز میں سندھ کے خلاف مجموعی طور پر 255 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے جبکہ اس کے 2کھلاڑی آوٴٹ ہوچکے ہیں۔ ناردرن کے 408 رنز کے جواب میں سندھ کی ٹیم پہلی اننگز میں326 رنز بناکر آوٴٹ ہوگئی۔سندھ کی جانب سے فواد عالم نے سنچری اور انور علی نے نصف سنچری اسکور کی۔

فواد عالم 107 اور انور علی 69 رنز بناکر آوٴٹ ہوگئے۔دونوں کھلاڑیوں کیدرمیان 126 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ ناردرن کے کپتان نعمان علی نے 58 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔82 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی ناردرن کی ٹیم نے دن کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنالیے ہیں۔اوپنر ذیشان ملک 96 اور پہلی اننگز میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے فیضان ریاض 23 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے چوتھے روز کا آغاز کریں گے۔

(جاری ہے)


ادھر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بلوچستان اور سنٹرل پنجاب کے درمیان میچ ڈرا کی جانب گامزن ہے۔ بلوچستان کے 450 رنز کے جواب میں سنٹرل پنجاب نے پہلی اننگز میں6 وکٹوں کے نقصان پر 255رنز بنالیے ہیں۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم تاحال پہلی اننگز میں 195 رنز کے خسارے کا شکار ہے۔ میزبان ٹیم کی جانب سے عمر اکمل اور عثمان صلاح الدین نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

عمر اکمل 78 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔عثمان صلاح الدین 74 اور ظفر گوہر 8 رنز بناکر یز پر موجود ہیں۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے 2وکٹوں کے نقصان پر 28 رنز سے کھیل کا دوبارہ آغاز کیا تو سلمان بٹ 47رنز بناکر آوٴٹ ہوگئے۔ تاحال سنٹرل پنجاب کی جانب سے اننگز میں سب سے لمبی شراکت عمر اکمل اور عثمان صلاح الدین کے درمیان رہی دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 124 رنز جوڑے۔


دوسری جانب ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں جاری میچ میں سدرن پنجاب کی ٹیم خیبرپختونخوا کے خلاف تاحال دوسری اننگز میں64 رنز کے خسارے کا شکار ہے۔ سدرن پنجاب کے 338 رنز کے جواب میں خیبرپختونخوا کی ٹیم نے 5وکٹوں کے نقصان پر 417 رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔ مڈل آرڈر بلے باز اشفاق احمد نے 143 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 18 چوکے اور 1 چھکاشامل تھا۔

ریحان آفریدی اور ذوہیب خان کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے 127 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی۔ ریحان آفریدی 84 اور ذوہیب خان 63 رنز پر ناٹ آوٴٹ رہے۔ 79 رنز کے خسارے سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سدرن پنجاب کی ٹیم نے کھیل کے اختتام پر دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان پر 15 رنزبنالیے ہیں۔ میچ کے آخری روز سمیع اسلم 11 اور عمر صدیق 4 کے انفرادی اسکور سے کھیل کا آغاز کریں گے۔
وقت اشاعت : 13/11/2019 - 19:26:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :