ابوظہبی ٹی 10 لیگ کا تیسرا ایڈیشن کل شروع ہوگا، تیاریاں مکمل،

8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کریں گی، ابتدائی روز تین میچ کھیلے جائیں گے

جمعرات 14 نومبر 2019 11:20

ابوظہبی ٹی 10 لیگ کا تیسرا ایڈیشن کل شروع ہوگا، تیاریاں مکمل،
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) مختصر ترین فارمیٹ ابوظہبی ٹی10 لیگ کا تیسرا ایڈیشن کل جمعہ سے شیخ زید سٹیڈیم یو اے ای میں شروع ہوگا، لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلیں گئیں ہیں، لیگ میں آج جمعہ کو تین میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ مراٹھا عربیئنز اور ناردرن واریئرز کے درمیان کھیلا جائے گا، دوسرے میچ میں دکن گلیڈی ایٹرز اور دہلی بلز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ تیسرا میچ قلندرز اور ٹیم ابوظہبی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

ٹیم قلندرز نے ابوظہبی ٹی 10 لیگ میں شمولیت اختیار کی ہے۔ ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کرینگی جن میں بنگلہ ٹائیگرز، دکن گلیڈی ایٹرز، دہلی بلز، کرناٹک ٹسکرز، مراٹھا عربیئنز، ناردرن واریئرز، قلندرز اور ٹیم ابوظہبی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں بنگلہ ٹائیگرز، دکن گلیڈی ایٹرز، دہلی بلز اور کرناٹک ٹسکرز کو رکھا گیا ہے جبکہ قلندرز کو مراٹھاعرابیئنز، ناردرن واریئرز اور ٹیم ابوظہبی کے ساتھ گروپ بی میں رکھا گیا ہے ۔

ٹورنامنٹ میں فائنل سمیت 29 کانٹے دار مقابلے ہونگے۔ 10 روز پر محیط اس ٹورنامنٹ کا فائنل 24 نومبر کو کھیلا جائیگا۔ ابتدائی ایڈیشن میں ایون مورگن، شین واٹسن، راشدخان، آندرے رسل، مالنگا اور ڈیرن سیمی جیسے ورلڈ کلاس کرکٹرز نے حصہ لیا تھا۔ لیگ کے چیئرمین شجیع المک نے کہا ہے کہ اس مرتبہ ایونٹ میں 100 سے زائد بین الاقوامی کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دینگے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی 10 لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں مکمل کرلیں گئیں ہیں۔ واضح رہے کہ ٹی 10 لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل میچ 24 نومبر کو شیخ زید سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 14/11/2019 - 11:20:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :