اسرائیلی حریف کوہرانے کی سب سے زیادہ خوشی ہوئی: محمد آصف

جیت میرے اکیلے کی نہیں پورے ملک کی ہی:عالمی سنوکر چیمپئن

جمعرات 14 نومبر 2019 23:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2019ء) ورلڈسنوکر چیمپئن محمد آصف کا کہنا ہے کہ عالمی کپ جیتنا آسان نہیں تھا، ایونٹ سے قبل بہت محنت کی تھی۔تفصیلات کے مطابق ایک انٹر ویو میں عالمی سنوکر چیمپئن محمد آصف کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حریف کو شکست دینے کی سب سے زیادہ خوشی ہوئی، ترکی میں ہونے والے میگا ایونٹ میں شرکت سے قبل پاکستان میں ہی ایک ٹورنامنٹ جیت چکا تھا جس کے باعث مورال بلند تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دورے سے قبل ہی میں بہت پرامید تھا اور اللہ تعالیٰ نے میری دعا قبول کی، عالمی ٹورنامنٹ میں اسرائیلی کھلاڑی سے ٹاکرا ہوا اور اسے ہرانے پر بہت خوشی ہوئی، کوشش کروں گا آئندہ بھی پاکستان کا نام روشن کروں۔یاد رہے کہ حال ہی میں ترکی کے شہر انتالیہ میں ہونیوالی عالمی سنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے نمبر ون محمد آصف نے فلپائن کے جیفری روڈا کو 5-8 سے شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کی تھی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل پاکستان کے محمد آصف نے 2012ئ میں بھی آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جبکہ 2014ئ میں محمد سجاد نے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا لیکن وہ ٹائٹل نہیں جیت سکے تھے۔خیال رہے کہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کرنے کے بعد محمد آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انتہائی خوشی کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ جیت میرے اکیلے کی نہیں پورے ملک کی ہے، اتنی بڑی کامیابی سے ہمکنار کرنے پر اللہ تعالیٰ کا شکرگزار ہوں۔
وقت اشاعت : 14/11/2019 - 23:28:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :