پی ایس ایل5، ڈیل اسٹین، ہاشم آملہ سمیت 28 کھلاڑی پلاٹینیم کیٹیگری میں شامل

پاکستان میں کرکٹ کو اہم مقام حاصل ہے، پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کی پلاٹینیم کٹیگری میں نام آنے پر بے حد خوش ہوں، ڈیل اسٹین پی ایس ایل کھلاڑیوں کے ڈرافٹ پول کا حصہ بننے پر بے حد خوش ہوں،معین علی

جمعرات 14 نومبر 2019 23:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2019ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے لئے کرکٹ بورڈ نے پلاٹینیم کٹیگیری کیلئے 28 بین الاقوامی کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی ہے۔جنوبی افریقہ کے سابق تیز گیند باز ڈیل اسٹین، ہاشم آملہ، عادل رشید، جیسن روئے سمیت کئی نامی گرامی کھلاڑی اس فہرست میں شامل ہیں۔اس ضمن میں اپنے پیغام میں ڈیل اسٹین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کو اہم مقام حاصل ہے، پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کی پلاٹینیم کٹیگری میں نام آنیپر بے حد خوش ہوں۔

واضح رہے 2007 میں کراچی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ڈیل اسٹین پاکستان کا دورہ کریں گے۔اسٹین کے ساتھ ان کے ہم وطن ہاشم آملہ جنہوں نے 2017 میں ورلڈ الیون کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان کا دورہ کیا تھا ایک مرتبہ پھر لاہور، کراچی، راولپنڈی اور پشاور کے میدانوں میں اترنے کیلئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب برطانوی آل راؤنڈر معین علی نے اس ضمن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کھلاڑیوں کے ڈرافٹ پول کا حصہ بننے پر بے حد خوش ہوں،پی ایس ایل میں کھیلی جانے والی معیاری کرکٹ کے حوالے سے موجودہ سرکٹ کے کھلاڑیوں سے بہت سنا ہے اس لیگ کا حصہ بننے کے لئے پرجوش ہوں۔

عالمی کپ کی فاتح ٹیم کے سلامی بلے باز جیسن رائے نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ہمیشہ منفرد اور دلچسپ رہی ہے۔
وقت اشاعت : 14/11/2019 - 23:28:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :