بھارتی بائولرز کی عمدہ بائولنگ، بنگلہ دیش ٹیم پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 150 رنز بناکر آئوٹ

بھارت نے ایک وکٹ پر 86 رنز بنالئے، محمد شامی نے 3، ایشون، یادیو اور شرما نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا

جمعرات 14 نومبر 2019 23:46

اندور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2019ء) بھارتی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت بنگلہ دیشی ٹیم پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 150 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، بنگلہ دیشی ٹیم بھارتی بائولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم یکے بعد دیگرے خزاں رساں پتوں کی طرح پویلین لوٹتی چلی گئی، مہمان ٹیم کے چھ کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکے، مشفیق الرحیم کچھ مزاحمت کر پائے وہ 43 رنز بنا سکے، بھارت کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد شامی نے تین، روی چندرن ایشون، اومیش یادیو اور اشانت شرما نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

بھارتی ٹیم نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 86 رنز بنالئے تھے اور اس کو مہمان ٹیم کی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے 64 رنز کی ضرورت تھی۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیش کی طرف سے واحد وکٹ ابو جید نے حاصل کی۔ جمعرات کو اندور میں دونوں ٹیمون کے درمیان میچ شروع ہوا تو بنگلہ دیشی کپتان مومن الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش کی طرف سے شادمان اسلام اور امرالقیس نے اننگز کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا، بھارتی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت مہمان ٹیم کے پہلے 3 کھلاڑی 31 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے، امرالقیس 6، شادمان اسلام 6 اور محمد متھن 13 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، کپتان مومن الحق 37 رنز بناکر روی چندرن ایشون کی گیند کا نشانہ بنے، محمود اللہ 10 رنز بناکر روی چندرن ایشون کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، مشفیق الرحیم نے کچھ مزاحمت کی تاہم وہ 43 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے انکو محمد شامی نے کلین بولڈ کیا۔

مہدی حسن بنگلہ دیش کے ساتویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے محمد شامی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے، لٹن داس 21 رنز بناکر اشانت شرما کی گیند پر کوہلی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، تیجل الاسلام 1 رن بناکر رن آئوٹ ہوگئے، عبادت حسین آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 2 رنز بناکر یادیو کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ابو جید 7 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔

بنگلہ دیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 150 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ بھارت کی طرف سے محمد شامی نے تین جبکہ روی چندرن ایشون، اومیش یادیو اور اشانت شرما نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں بھارت کی طرف سے میانک اگروال اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا جو کچھ خاص نہ تھا اور روہت شرما 6 رنز بناکر ابو جید کی گیند پر لٹن داس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

اس کے بعد میانک اگروال اور چیتشوار پوجارا نے محتاط انداز میں بلے بازی کا سلسلہ شروع کیا اور میچ کے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ کے نقصان پر ٹیم کے مجموعی سکور کو 86 رنز تک پہنچا دیا۔ چیتشوار پوجارا 42 اور میانک اگروال 36 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے اور بھارت کو بنگلہ دیشی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے مزید 64 رنز کی ضرورت ہے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے واحد وکٹ ابو جید نے حاصل کی۔
وقت اشاعت : 14/11/2019 - 23:46:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :