پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے سیاست میں قدم رکھنے کا عندیہ دے دیا

وزیراعظم بننے کا ارادہ نہیں، صرف کھیل اور کھیلوں کی وزارت کی خواہش ہے۔ باکسر عامر خان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 19 نومبر 2019 11:59

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان  نے سیاست میں قدم رکھنے کا عندیہ دے دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 نومبر 2019ء) : پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے سیاست میں قدم رکھنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے باکسر عامر خان نے کہا کہ اپنی فائٹس مزید ایک سال جاری رکھوں گا جس کے بعد سیاست میں جانے کا ارادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا وزیراعظم بننے کا ارادہ نہیں، صرف کھیل اور کھیلوں کی وزارت کی خواہش ہے۔

باکسر عامر خان نے موجود حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت پر مایوسی کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ بدقسمتی سے عمران خان کھیلوں کے لئے کچھ نہیں کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پہچان کھیل نے دی لیکن وہ کھیلوں پر توجہ نہیں دے سکے۔ یاد رہے کہ باکسر عامر خان نے اگست کے مہینے میں مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کا پردہ چاک کرنے کے لیے لائن آف کنٹرول کے دورے کا اعلان بھی کیا تھا۔

(جاری ہے)

باکسر عامر خان نے لائن آف کنٹرول کے دورے کا موقع فراہم کرنے پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔ بین الاقوامی باکسر عامر خان نے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سب کو کشمیر کی مدد کرنی چاہئیے۔ انہوں نے کہاکہ میرا مشن امن ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ کشمیر میں امن ہو۔ مشکل حالات میں لائن آف کنٹرول پر بسنے والے کشمیریوں کے ساتھ ہوں اور ان کی مدد کے لیے جو کچھ ہو سکا کروں گا۔

واپس جا کر دنیا کو کشمیر کے حالات سے آگاہ کروں گا۔ خیال رہے کہ کھلاڑیوں کے سیاست میں آنے کی بنیاد 90 کی دہائی میں اُس وقت پڑی جب عمران خان نے سیاست میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا اور پاکستان تحریک انصاف نامی تنظیم کا اعلان کیا تھا ، اس کے بعد سے عمران خان کی سیاسی جدوجہد کا آغاز ہوا جس کے 22 سال کے بعد عمران خان اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہوئے۔ اس کے علاوہ سابق کپتان شاہد آفریدی بھی مختلف موقعوں پر سیاست میں قدم رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔
وقت اشاعت : 19/11/2019 - 11:59:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :