قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے آٹھویں راوٴنڈ کادوسرا روز مکمل

تابش خان کی 5وکٹوں نے سندھ کو سنٹرل پنجاب پر سبقت دلادی، خیبرپختونخوا کے خلاف بلوچستان کی ٹیم مشکلات کا شکار

منگل 19 نومبر 2019 20:41

قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے آٹھویں راوٴنڈ کادوسرا روز مکمل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 نومبر2019ء) نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کے دوسرے روز میزبان ٹیم نے سنٹرل پنجاب کے خلاف 9رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔ سندھ نے سنٹرل پنجاب کے 246 رنز کے جواب میں 4وکٹوں کے نقصان پر 255 رنزبنالیے ہیں۔ سندھ کی جانب سے خرم منظور اور جاہد علی نے نصف سنچریاں اسکورکیں۔ خرم منظور 85 اور جاہد علی72 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔

دونوں اوپنرز کے درمیان 140 رنز کی مضبوط شراکت نے سندھ کو پراعتماد آغاز فراہم کیا۔ شہزر محمد اور سعد علی کے جلد آوٴٹ ہونے کے بعد فواد عالم اور سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ فواد عالم 42 اور سرفراز احمد 39کے انفرادی اسکور سے کھیل کے تیسرے روز کا آغاز کریں گے۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے 7وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز سے میچ کے دوسرے روز کا آغاز کیا تو عثمان صلاح الدین 57 کے انفرادی اسکور پر تابش خان کی گیند پر آوٴٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

سنٹرل پنجاب کی جانب سے میچ کے تیسرے روز کھیل کا آغاز کرنے والے دوسرے کھلاڑی احسان عادل تھے جو23 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔سنٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 246 رنزبناکر آوٴٹ ہوگئی۔ سندھ کے فاسٹ باوٴلر تابش خان نے 85 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انور علی اور سہیل خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری جانب یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ کا دوسرا روز خیبرپختونخوا کے نام رہا۔

ذوہیب خان کی سنچری کی بدولت پہلی اننگز میں 385 رنز اسکور کرنے والی خیبر پختونخوا کی ٹیم نے 146 رنز پر بلوچستان کی پوری ٹیم کو پویلین واپس بھجوادیا ہے۔ فاسٹ باوٴلر جنید خان نے 4 اور عثمان شنواری نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ حریف ٹیم کے فاسٹ باوٴلرز کی عمدہ باوٴلنگ کی بدولت 33 کے مجموعی اسکور پر بلوچستان کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔ بلوچستان کے 5 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین بسم اللہ خان 35 رنز بناکر ٹاپ اسکور رہے۔ بلوچستان کی ٹیم تاحال 239 رنز کے خسارے کا شکار ہے۔ اس سے قبل خیبرپختونخوا نے 8وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز سے کھیل کا دوبارہ آغاز کیا تو ذوہیب خان اور عثمان شنواری نے اسکور بورڈ کو چلانے کاسلسلہ جاری رکھا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان نویں وکٹ کے لیے 135 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ ذوہیب خان نے سنچری اور عثمان شنواری نے نصف سنچری اسکور کی۔

ذوہیب خان نے 16 چوکوں کی مدد سے 133 رنز بنائے۔136 گیندوں کا سامنا کرنے والے عثمان شنواری 51 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔بلوچستان کے اسپنر محمد اصغر نے 6 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔
ادھر کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں سدرن پنجاب نے ناردرن کے خلاف پہلی اننگز میں 2وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنالیے ہیں۔ اوپنر عمر صدیق اور ذیشان اشرف نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

عمر صدیق 58 رنز بناکر کریز پر موجودتاہم ذیشان اشرف 57 رنز بناکر آوٴٹ ہوچکے ہیں۔سدرن پنجاب کی ٹیم تاحال پہلی اننگز میں314 رنز کے خسارے کا شکار ہے۔ اس سے قبل ناردرن نے حماد اعظم کی سنچری کی بدولت 7وکٹوں کے نقصان پر 463 رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئرکردی تھی۔5وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز کے مجموعے سے میچ کے دوسرے روز کھیل کا آغاز کرنے والے ناردرن کے آلراوٴنڈر حماد اعظم نے 154 گیندوں پرناقابل شکست سنچری اسکور کی۔

انہوں نے جمال انور اور نعمان علی کے ہمراہ بالترتیب 109اور 66رنز کی شراکت قائم کی۔ جمال انور 44 اور نعمان علی 37 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔ حماد اعظم کی 100 رنز کی اننگز میں 6چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ سدرن پنجاب کے اسپنر محمد عرفان نے 5وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سدرن پنجاب کی جانب سے اننگز کاآغاز متاثر کن نہ رہا۔ 11 کیمجموعی اسکور پر اوپنر سمیع اسلم آوٴٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد عمرصدیق اور ذیشان اشرف نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے کے درمیان 116 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔میچ کے تیسرے روز عمر صدیق 58 اور محمد عرفان 15 رنز سے کھیل کا دوبارہ آغاز کریں گے۔
وقت اشاعت : 19/11/2019 - 20:41:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :