نسیم شاہ پاکستان کی جانب سے چھٹے کم عمر ترین ٹیسٹ کرکٹر بننے کےلئے تیار

پیسر16سال279دن کی عمر میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کریں گے،حسن رضا تاحال کم عمر ترین ٹیسٹ کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 20 نومبر 2019 16:14

نسیم شاہ پاکستان کی جانب سے چھٹے کم عمر ترین ٹیسٹ کرکٹر بننے کےلئے تیار
برسبین (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20نومبر2019ء) قومی ٹیم کے فاسٹ باﺅلر نسیم شاہ پاکستان کی جانب سے چھٹے کم عمر ترین ٹیسٹ کرکٹر بننے کے لیے تیار ہیں ۔ قومی ٹیم کے ٹیسٹ کپتان اظہر علی نے آج پریس کانفرنس کے دوران نسیم شاہ کو آسٹریلیا کے خلاف برسبین ٹیسٹ کے لیے میدان میں اتارنے کا اعلان کردیا ہے ۔ نسیم شاہ کل جب کینگروز کے خلاف اپنی ٹیسٹ کیپ حاصل کریں گے تو وہ16سال279دن کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے چھٹے کم عمر ترین پاکستانی کھلاڑی ہوں گے ۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ کرکٹ کے کم عمر ترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز حسن رضا کے پاس ہے جنہوں نے 14سال اور227دن کی عمر میں اکتوبر 1996ءمیں زمبابو ے کےخلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا ، اس فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود پاکستانی کرکٹر سابق کپتان مشتاق محمد ہیں جنہوں نے 15سال124دن کی عمر میں مارچ1959ءمیں ویسٹ انڈیز کےخلاف اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا ،سابق فاسٹ باﺅلر عاقب جاوید نے 16سال 189دن کی عمر میں نیوزی لینڈ کےخلاف فروری 1989ءمیں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا ،سابق ٹیسٹ کرکٹر آفتاب بلوچ نے16سال221دن کی عمر میں نومبر1969ءمیں نیوزی لینڈ کےخلاف اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا ،سابق سپنر نسیم الغنی نے جنوری 1958ءمیں 16سال248دن کی عمر میں ویسٹ انڈیز کےخلاف پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا ،سابق ٹیسٹ کرکٹر خالد حسن نے16سال352دن کی عمر میں انگلینڈ کےخلاف جولائی 1954ءمیں اپنے ٹیسٹ کیریئر شروع کیا ،زاہد فضل نے نومبر1990ءمیں17سال5دن کی عمر میں ویسٹ انڈیز کیخلاف اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلا،سابق پیسر عطاءالرحمان نے جون1992ءمیں انگلینڈ کےخلاف 17سال 68دن کی عمر میں ٹیسٹ کیریئر شروع کیا،عمران نذیر نے مارچ1999ءمیں سر ی لنکا کےخلاف17سال78دن کی عمر میں ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا ۔

 
وقت اشاعت : 20/11/2019 - 16:14:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :