آسٹریلیا کیخلاف پہلا ٹیسٹ، کون کھیلے گا اور کون ڈراپ ہوگا، قومی ٹیم کے 11 کھلاڑیوں کے نام سامنے آگئے

سیریز کے پہلے میچ کیلئے محمد عباس کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ، نسیم شاہ، شاہین آفریدی، عمران خان اور یاسر شاہ پر مبنی باولنگ اٹیک کینگروز کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار

muhammad ali محمد علی بدھ 20 نومبر 2019 18:50

آسٹریلیا کیخلاف پہلا ٹیسٹ، کون کھیلے گا اور کون ڈراپ ہوگا، قومی ٹیم کے 11 کھلاڑیوں کے نام سامنے آگئے
برسبین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 نومبر2019ء) آسٹریلیا کیخلاف پہلا ٹیسٹ، کون کھیلے گا اور کون ڈراپ ہوگا، قومی ٹیم کے 11 کھلاڑیوں کے نام سامنے آگئے، سیریز کے پہلے میچ کیلئے محمد عباس کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ، نسیم شاہ، شاہین آفریدی، عمران خان اور یاسر شاہ پر مبنی باولنگ اٹیک کینگروز کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ ٹیم مینیجمنٹ نے آسٹریلیا کیخلاف کل سے شروع ہونے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے حتمی 11 کا انتخاب کر لیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ محمد عباس آسٹریلیا کیخلاف پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے۔ پاکستانی ٹیم عابد علی، شان مسعود، اظہر علی، بابر اعظم، حارث سہیل، اسد شفیق، افتخار احمد، یاسر شاہ، نسیم شاہ، شاہین آفریدی، عمران خان پر مشتمل ہوگی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ جمعرات سے برسبین میں شروع ہو گا۔

ٹیسٹ سے قبل دونوں ٹیموں نے گابا میں ٹریننگ کی اور دونوں کپتانوں نے ٹرافی کی رونمائی کی۔اظہر علی کی پریس کانفرنس میں بھی نسیم شاہ کے بارے میں سوالات کی بھرمار ہو ئی جس پر کپتان نے نسیم شاہ کے ٹیسٹ الیون میں شامل ہونے کی تصدیق کی۔نسیم شاہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے کم عمر ترین جبکہ مجموعی طور پر نویں کم عمر ترین کھلاڑی ہوں گے۔

کپتان اظہر علی نے کہا کہ نسیم شاہ کی ویڈیوز تو بہت دیکھی تھیں لیکن پہلی مرتبہ نسیم شاہ کو سینٹرل پنجاب کی طرف سے قذافی اسٹیڈیم میں نیٹ پر بولنگ کرتے ہوئے دیکھا، نسیم شاہ نے اپنی بولنگ سے سب کو متاثر کیا اور پھر قائداعظم ٹرافی میں نسیم شاہ میرے ساتھ سینٹرل پنجاب کی طرف سے چار پانچ میچز بھی کھیلا۔اظہر علی نے بتایا کہ نسیم شاہ میں اسپیڈ تو ہے ہی لیکن وہ مہارت اور ٹمپرامنٹ کے ساتھ بولنگ کرتا ہے اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ نسیم شاہ بہت جلد بیٹسمینوں کو جان جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ فٹ ہے اور امید ہے کہ اس کا انٹرنیشنل کرئیر بھی اچھا اور طویل ہو گا۔قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ تیز بولرز پیدا کیے ہیں تاہم چار پانچ برسوں سے فاسٹ بولرز نہیں آرہے تھے، اب نوجوان بولرز کی شکل میں بہت تیز بولرز آگے آرہے ہیں اور انہیں موقع بھی دیا جا رہا ہے۔کپتان اظہر علی نے کہا کہ ہوم ٹیم کو ہمیشہ ایڈوانٹیج ہوتا ہے لیکن آگے بڑھنے کے لیے اور منوانے کے لیے دوسرے ممالک میں آکر سیریز جیتنا بہت ضرور ی ہوتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان ٹیم نے یہاں پہلے بھی اچھی کرکٹ کھیلی ہو ئی ہے، اچھا کھیل کر ہارے ہوئے ہیں، مختلف وقفوں میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب بھی ٹیم میں صلاحیت ہے، کنڈیشنز کو سمجھ چکے ہیں اور ٹیم میں نئے چہرے بھی شامل ہیں، وہ اچھا کھیلنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں مجھے کوئی وجہ نظر نہیں آتی کہ ہم آسٹریلیا کو نہیں ہرا سکتے۔

اظہر علی نے کہا کہ ہم اعتماد کے ساتھ یہاں کھیلنے آئے ہیں، آسٹریلیا میں کھیلنا ایک چیلنج ہوتا ہے اور اگر چیلنج قبول کر لیا جائے تو آسانی ہو تی ہے، دونوں ٹیموں کی کوشش ہو گی کہ میچ نہ ہاریں۔انہوں نے کہا ہمیں علم ہے کہ آسٹریلیا ہر طرف سے آگے آنے کی کوشش کریگا لیکن ہم بھی جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔کپتان اظہر علی نے کہا کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق سات برس پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان رہے ہیں، ان کے ساتھ کھیلے ہوئے ہیں، ان کی سوچ اور آئیڈیاز نہ صرف میرے لیے بلکہ پوری ٹیم کے لیے بہت اچھے ہیں۔

پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی اور ایک عرصہ تک انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال پر اظہر علی نے کہا کہ شائقین اور کرکٹرز ہوم گراؤنڈز پر کرکٹ نہ ہونے کو مس کرتے ہیں، کرکٹ ہو رہی ہے اور ایک ماہ کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہو گی۔انہوںنے کہاکہ ہوم گراونڈز پر کرکٹ کا ہونا بہت ضروری ہے، سری لنکا کی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ کے لیے آرہی ہے جو بہت زبردست ہے، ٹیسٹ کرکٹ ینگسٹرز کو متاثر کرے گی۔
وقت اشاعت : 20/11/2019 - 18:50:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :