سٹیو سمتھ کے یاسر شاہ کےخلاف خراب ریکارڈ نے قومی ٹیم کو امیددلادی

کینگرو بلے باز پاکستانی لیگ سپنر کیخلاف31کی اوسط کے مالک،6مرتبہ آﺅٹ ہوچکے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 21 نومبر 2019 17:24

سٹیو سمتھ کے یاسر شاہ کےخلاف خراب ریکارڈ نے قومی ٹیم کو امیددلادی
برسبین(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21نومبر2019ء) ٹیسٹ کرکٹ میں مایہ ناز بلے باز سٹیو سمتھ پاکستانی لیگ سپنر یاسر شاہ کا پہلا شکار تھے۔ وہ پاکستانی لیگ سپنر کے سامنے وہ صرف 31 کی اوسط سے رنز بنا سکے ہیں اور ان سے اب تک چھ مرتبہ آﺅٹ ہو چکے ہیں۔یہ بات بتانے کے بعد ذرا ٹیسٹ کرکٹ میں سٹیو سمتھ کے اعداد و شمار پر نظر دوڑا لیتے ہیں تاکہ یہ بات بتانے کا مقصد سمجھ آ سکے۔

68 ٹیسٹ میچوں میں 64.54 کی اوسط سے 6973 رنز، 26 سنچریاں اور 27 نصف سنچریاں اور ایک برس کی پابندی کے بعد سے کھیلے جانے والے چار میچوں میں 110 کی اوسط، یقیناً یہ سب پڑھ کر انھیں آﺅٹ کرنا ناممکن نظر آتا ہے۔سمتھ کی تیز گیند بازوں کےخلاف بیٹنگ اوسط 75 جبکہ سپنرز کے خلاف 45 کے لگ بھگ ہے۔حالیہ ایشز سیریز میں انھیں آﺅٹ کرنے کےلئے ہی انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں لیفٹ آرم آف سپنر جیک لیچ کو ٹیم میں شامل کیا تھا۔

(جاری ہے)

کرکٹ پر تحقیق اور تجزیے کرنے والی ویب سائٹ کرک وز کے مطابق لیگ سپنرز اور لیفٹ آرم آف سپنرز کے سامنے سمتھ کی اوسط گر کر 35 ہو جاتی ہے۔ برسبین کی وکٹ اپنے باﺅنس کے باعث لیگ سپنرز کے لیے اور ایڈیلیڈ کی وکٹ دن گزرنے کے ساتھ سپنرز کے لیے موزوں ہو جاتی ہے، اس لیے یاسر شاہ کو سٹیو سمتھ کے آتے ہی باﺅلنگ اٹیک میں لانا کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔اس حوالے سے اظہر علی بطور کپتان کیا کرتے ہیں، یہ بھی بہت اہم ہے اور سمتھ کے خلاف جلد ہی دفاعی حکمت عملی اپنانے کی بجائے ایک مخصوص فیلڈ اور پلان اپنا کر سمتھ کے صبر کا امتحان لینے کی ضرورت ہے۔
وقت اشاعت : 21/11/2019 - 17:24:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :