قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے آخری راوٴنڈ کا دوسرا روز مکمل

اسپنر رضا حسن کے ایک اننگز میں 8 شکار، سندھ کے رمیز راجہ جونیئر نے بلوچستان کے خلاف سنچری داغ دی

جمعرات 21 نومبر 2019 19:22

قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے آخری راوٴنڈ کا دوسرا روز مکمل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 نومبر2019ء) این بی پی اسٹیڈیم کراچی میں ناردرن اور خیبرپختونخوا کے درمیان میچ نتیجہ خیز مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔دوسری اننگز میں161 رنز کی برتری حاصل کرنے والی ناردرن کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی ہے۔ دوسرے روز کھیل کے اختتام پر ناردرن نے 4وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنالیے ہیں۔ پہلی اننگز میں نصف سنچری اسکور کرنے والے سرمد بھٹی 30 اور عمیر مسعود 24 رنز سے کھیل کے آخری روز کادوبارہ آغاز کریں گے۔

خیبرپختونخوا کے اسپنر خالد عثمان تاحال میچ میں 6 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ اس سے قبل ناردرن کے 208 رنز کے جواب میں خیبرپختونخوا کی پوری ٹیم اسپنر رضا حسن کی شاندار باوٴلنگ کی بدولت188 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اوپنر محمد محسن 67 رنز بناکر ٹاپ اسکور ر رہے۔

(جاری ہے)

ناردرن کے اسپنر رضا حسن نے ایک اننگز میں 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انہوں نے 72 رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کیں۔


دوسری جانب نیا ناظم آباد گراوٴنڈ کراچی میں جاری میچ میں بلوچستان کی ٹیم دوسری اننگز میں 142 رنز کے خسارے کا شکار ہے۔ دوسرے روز دن کے اختتام پر بلوچستان کی ٹیم نیدوسری اننگز میں 2وکٹوں کے نقصان پر 30 رنز بنالیے ہیں۔حسیب اعظم اور اکبر رحمٰن میچ کے آخری روز کھیل کا دوبارہ آغاز کریں گے۔اس سے قبل بلوچستان کے 170 رنز کے جواب میں سندھ نے پہلی اننگز میں مقررہ 83 اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز بنائے۔

60 رنز پر ابتدائی 2 وکٹیں گرنے کے بعد رمیز راجہ جونیئر نے رمیز عزیز اور احسان علی کے ہمراہ بالترتیب 111 اور88 رنز کی پارٹنرشپس قائم کرکے میچ میں سندھ کی گرفت مضبوط کردی۔ رمیز راجہ جونیئر نے 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 133 رنز کی اننگز کھیلی۔ احسان علی اور رمیز عزیز نے بالترتیب 52 اور 51 رنز اسکور کیے۔
ادھر ڈرنگ اسٹیڈیم بہالپور میں سدرن پنجاب کے 281 رنز کے جواب میں سنٹرل پنجاب نے 5وکٹوں کے نقصان پر 270 رنز بنالیے ہیں۔

میچ کے دوسرسے روز 73 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوسکا۔ 88رنز پر ابتدائی 2وکٹیں گرنے کے بعد علی زریاب اور عتیق الرحمٰن کے درمیان 118 رنز کی شراکت نے سنٹرل پنجاب کی بیٹنگ لائن اپ کو سہارا دیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریا ں اسکور کیں۔ علی زریاب 86 اور عتیق الرحمٰن 80 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔ دن کے اختتام پر عرفان نیازی 9 اور احمد صفی عبداللہ 5 کے انفرادی اسکور پر کریز پر موجود تھے۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم پہلی اننگز میں 11 رنز کے خسارے کا شکار ہے۔
وقت اشاعت : 21/11/2019 - 19:22:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :