کھیل کے میدان زیادہ سے زیادہ آباد کرنے پر توجہ دی جائے،ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی

جمعہ 22 نومبر 2019 17:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2019ء) صحت مند معاشرے کے لئے کھیل نہایت اہم ہیں اس کے لئے ضروری ہے کہ کھیل کے میدان زیادہ سے زیادہ آباد کرنے پر توجہ دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمان نے گلستان جوہر بلاک 14 میں قائم کے ڈی اے اسپورٹس کمپلیکس کے دورے کے موقع پر کیا۔ چیف انجینئر رام چند نے ڈی جی کے ڈی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ کے ڈی اے اسپورٹس کمپلیکس میں عرصہ دراز سے تجارتی سرگرمیاں جاری تھیں جنہیں سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے واگزار کروایا گیا ہے جبکہ ادارہ ترقیات کراچی دیگر کھیل کے میدانوں سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کررہا ہے جس کا مقصد شہریوں خصوصاً نوجوان نسل کو صحتمندانہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی کے ڈی اے ڈاکٹر سید سیف الرحمان نے اسپورٹس کمپلیکس کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ کے ڈی اے اسپورٹس کمپلیکس میں انڈورگیمز سمیت جدید طرز پر مشتمل صحتمندانہ سرگرمیاں مہیا کی جائیں کیونکہ ادارہ ترقیات کراچی کھیلوں کی سرگرمیوں کو بحال کرنے اور میدانوں کو آباد کرنے کے لئے ہمیشہ کوشاں رہا ہے ۔ ڈی جی کے ڈی اے کے ہمراہ چیف انجینئر رام چند، چیف انجینئر مکینیکل شبیر احمد، ڈائریکٹر اسپورٹس ایاز منشی، اسپورٹس کوآرڈی نیٹر ایم نسیم، پرائیویٹ سیکریٹری ریاض احمد راشد، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز رئیس تبسم و دیگر افسران موجود تھے۔
وقت اشاعت : 22/11/2019 - 17:38:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :