ْ13 ویں سائوتھ ایشین گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں قومی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ شروع

جمعہ 22 نومبر 2019 18:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2019ء) پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیراہتمام13 ویں سائوتھ ایشین گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں قومی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ شروع ہوگئے۔ سائوتھ ایشین گیمز آئندہ ماہ یکم دسمبر سے 10 دسمبر تک نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں کھیلی جائے گی۔ گذشتہ روزپاکستان سپورٹس بورڈ کے ترجمان و ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (ٹیکنیکل) محمد اعظم ڈار نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کا 305 رکنی دستہ 13 ویں سائوتھ ایشین گیمز میں 19 کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کرے گا جن میں اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باکسنگ، ہینڈبال، کبڈی، سکواش، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، ٹینس، والی بال (بیچ)، ویٹ لیفٹنگ،سائیکلنگ، کراٹے، ریسلنگ، ووشو،جوڈو، والی بال اورشوٹنگ کے مقابلے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے ایونٹ کی تیاری کے سلسلہ میں کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ اسلام آباد، پشاور، لاہور اور کراچی میں لگانے کا فیصلہ کیا تھا،اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باکسنگ، ہینڈبال، کبڈی، سکواش، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، ٹینس، والی بال اورویٹ لیفٹنگ کے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ اسلام آباد میں، جوڈو اوروالی بال کے پشاور ،سائیکلنگ، کراٹے، ریسلنگ اور ووشو کے لاہورجبکہ شوٹنگ کاتربیتی کیمپ کراچی میں لگائے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ والی بال (بیچ) اور تائیکوانڈو کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں، جوڈو اور والی بال کے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ پشاور میں شروع ہوچکا ہے جس میں کھلاڑی بھر پور محنت کر رہے ہیں اور باقی کھیلوں کے بھی تربیتی کیپ ایک ، دو روز میں شروع ہو جائیں گے۔

سائوتھ ایشین گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں تاخیر سے لگائے گئے۔ تربیتی کیمپ کے حوالے ایک سوال کے جواب میں اعظم ڈار نے کہا کہ تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کے نیشنل گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں پہلے ہی تربیتی کیمپ جاری تھے جس میں کھلاڑیوں نے بھر پور محنت کر رکھی ہے اور کھلاڑیوں نے نیشنل گیمز میں پورانداز سے اپنے اپنے جوہر دکھائے ہیں۔ کھلاڑیوں کو پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے تربیتی کیمپ کے دوران سہولیات دینے کے حوالے سے ایک اور سوال کے جواب میںانہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کو پاکستان سپورٹس بورڈتمام سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ، قومی دستہ کو یونیفارم اور سفری ٹکٹ بھی مہیا کئے جا رہے ہیں، واضع رہے کہ بھارت میں کھیلی گئی گذشتہ 12 ویں سا?تھ ایشین گیمز میں پاکستان نے 12 سونے کے تمغوں سمیت 106 میڈلز حاصل کئے تھے۔

وقت اشاعت : 22/11/2019 - 18:20:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :