حارث سہیل اپنا بیگ پیک کریں اور واپس جائیں،ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے بیٹسمین کیساتھ خراب رویہ رکھنے کا انکشاف

ٹیم مینجمنٹ کے سینئر اراکین منصور رانا اور شاہد اسلم نے مینجمنٹ کو اس اقدام سے روکا:راشد لطیف

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 29 نومبر 2019 12:05

حارث سہیل اپنا بیگ پیک کریں اور واپس جائیں،ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے بیٹسمین کیساتھ خراب رویہ رکھنے کا انکشاف
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29نومبر2019ء) قومی ٹیم کے مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے جسکے بعد انہیں دوسرے ٹیسٹ میچ سے ڈراپ کردیا گیاہے۔برسبین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں حارث سہیل پہلی اننگز میں صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے اور دوسری اننگز میں بھی 8 رنز پر ان کی اننگز کا خاتمہ ہو گیا تھا،دونوں اننگز میں مچل سٹارک کی گیند پر ٹم پین نے ان کا کیچ لیا تھا۔

ایک جانب جہاں انہیں دوسرے ٹیسٹ کے لیے ڈراپ کردیا گیا ہے وہیں اب ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے حارث سے خراب رویہ روا رکھنے اور انہیں پاکستان واپس جانےکا مشورہ دیے جانےکا بھی انکشاف ہوا ہے۔قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے اپنے یوٹیوب چینل پر انکشاف کیا کہ ٹیم مینجمنٹ کے صف اول کے چند اراکین نے حارث سہیل کو کہا کہ ’اپنا بیگ پیک کریں اور واپس جائیں، آپ نے اچھا پرفارم نہیں کیا‘۔

(جاری ہے)

انکے ساتھی میزبان ڈاکٹر نعمان نے اس خبر پر شدید حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ حارث سہیل کو غلط نمبر پر کھلا کر اپنی نالائقی چھپانے کےلئے یہ کر رہے ہیں، حارث کو پہلے ٹیسٹ میچ میں غلط نمبر پر کھلایا گیا ، اگر وہ نمبر 5 یا 6 پر کھیلتا تو رنز کرتا، انہوں نے حارث سہیل کا اعتماد بالکل ختم کردیا۔راشد لطیف نے بتایا کہ ٹیم مینجمنٹ کے سینئر اراکین منصور رانا اور شاہد اسلم نے سمجھا کر مینجمنٹ کے اراکین کو اس اقدام سے روکا کہ آپ کیا کر رہے ہیں۔

دونوں مبصرین نے کہا کہ حارث سہیل بہت اچھا کھلاڑی ہے لیکن اسکا نمبر کا مسئلہ ہے، فرسٹ کلاس کرکٹ میں 50 کی اوسط ہے لیکن غلط نمبر پر کھلایا جا رہا ہے۔پروگرام میں ڈاکٹر نعمان نے انکشاف کیا کہ جلد سابق لیگ سپنر مشتاق احمد بھی سپن باﺅلنگ کوچ کی حیثیت سے ٹیم مینجمنٹ کا حصہ ہوں گے اور دعویٰ کیا کہ وہ وقار یونس اور مصباح الحق کے ساتھ مل کر کرکٹ کا ستیاناس کردیں گے اور ٹیم کو برباد کر کے جائیں گے۔
وقت اشاعت : 29/11/2019 - 12:05:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :