جسپریت بمراہ کی میرے سامنے حیثیت بے بی باﺅلر کی ہے :عبدالرزاق

بھارتی پیسر کا ایکشن منفرد،سیم کوہٹ کرنے کے باعث اتنے کامیاب باﺅلر ہیں:سابق آل راﺅنڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 4 دسمبر 2019 12:27

جسپریت بمراہ کی میرے سامنے حیثیت بے بی باﺅلر کی ہے :عبدالرزاق
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔4 دسمبر2019ء) سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ جسپریت بمراہ کی میرے سامنے حیثیت بے بی باﺅلر کی ہے۔ایک انٹرویو میں عبدالرزاق نے کہاکہ بھارتی فاسٹ باﺅلر جسپریت بمرا ہ ان دنوں بہترین پرفارم کررہے ہیں، انھوں نے وقت کے ساتھ ساتھ خود کو بہت بہتر کیا ہے تاہم مجھے ان کےخلاف کوئی مسئلہ نہیں ہوتا ،اگر میں ان کےخلاف کھیلتا تو بہترین پرفارمنس دیتا کیوں کہ میں نے اپنے کیریئر کے دوران ان سے زیادہ اچھے فاسٹ باﺅلر ز مثلا گلین میگراتھ اور وسیم اکرم کا سامنا کررکھا ہے اسلئے اگر میں ان کےخلاف کھیلتا تو بہت دھلائی کرتا۔

یاد رہے کہ جسپریت بمراہ اب تک اپنے انٹر نیشنل کیریئر میں ٹیسٹ میچز میں12مقابلوں میں62، 58ون ڈے میچز میں103اور 48ٹی ٹونٹی میچز میں51وکٹیں حاصل کرچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

عبدالرزاق کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی فہیم اشرف بھی اچھے آل راﺅنڈر بن سکتے ہیں، انھیں اپنی فٹنس کے ساتھ بیٹنگ اور باﺅلنگ پر بھی خصوصی توجہ دینا ہوگی۔سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ سلیکٹرز کے پاس وہ نگاہ ہی نہیں جو موزوں پلیئرز کا انتخاب کر سکے، نسیم شاہ نے نیٹ میں کپتان اظہر علی کو پریشان کیا، اسی بنیاد پر انھیں ٹیم کا حصہ بنا لیا جو درست نہیں، یہ نوجوان کھلاڑی کے کیریئر کےساتھ کھیلنے والی بات ہے۔

انھوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی ٹیسٹ رینکنگ کو بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، کوچنگ میرا جنون ہے،اسلئے باقاعدہ کورس کر کے اس شعبے میں آنا چاہتا ہوں، اگر مستقبل میں پاکستان کرکٹ بورڈ کےساتھ کام کرنےکا موقع ملا تو بہترین نوجوانوں بالخصوص آل راﺅنڈرز تیارکر کے دوں گا۔ایک سوال پر عبدالرزاق نے کہاکہ سری لنکن ٹیم کا پاکستان آ کر ٹیسٹ سیریز کھیلنا خوش آئند ہے، مجھے یقین ہے کہ سیریزکے کامیاب انعقاد سے بنگلہ دیش سمیت دیگر انٹرنیشنل ٹیمیں بھی یہاں آکر کھیلیں گی۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہاکہ پاکستان میں ایسے باصلاحیت آل راﺅنڈرز موجود ہیں جو مستقبل میں اپنے کھیل سے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کرسکیں، صرف انھیں مناسب رہنمائی کی ضرورت ہے، اگر ایسا ہوجائے تو کئی عبدالرزاق سامنے آسکتے ہیں۔
وقت اشاعت : 04/12/2019 - 12:27:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :