پاکستان 2021 ءمیں ساﺅتھ ایشن گیمز کی میزبانی کریگا

پاکستان ہر قسم کے انٹرنیشنل ایونٹس کرانےکا اہل ہے:صدر پی او اے عارف حسن

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 7 دسمبر 2019 12:38

پاکستان 2021 ءمیں ساﺅتھ ایشن گیمز کی میزبانی کریگا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 دسمبر2019ء) پاکستان 2021 ءمیں شیڈول ساﺅتھ ایشن گیمز کی میزبانی کرےگا اور اس سلسلے میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عارف حسن نیپال کے شہر کھٹمنڈو پہنچ گئے ہیں جہاں وہ 10 دسمبر کو گیمز کی اختتامی تقریب میں 2 سال بعد ہونے والی گیمز کا روایتی پرچم وصول کریں گے۔پی او اے کے صدر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈعارف حسن کا کہنا ہے کہ 2004 ءکے بعد 17 برس بعد پاکستان ایک بار پھر ان گیمز کی میزبانی کرنے جارہاہے، جو ہم سب کے لیے ایک اعزاز ہے۔

اس بار ان گیمز کو 2 سے 3 شہروں میں کرانےکی تجویز ہے، 2004ءمیں صرف ایک شہر اسلام آباد میں15گیمز کرائی گئی تھیں، اس بار زیادہ ایونٹس ہوں گے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت سے بات چیت کرکے تمام وینوز کو فائنل کریں گے۔

(جاری ہے)

سید عارف حسن نے کہا کہ یہ گیمز کسی ایک فرد، ادارے کی نہیں، یہ پورے پاکستان کی گیمز ہوں گے، ہم سب کو ملکر انہیں کامیاب بنانا ہے۔دنیا کو یہ دکھانا ہے کہ پاکستان ہر قسم کے انٹرنیشنل ایونٹس کرانے کا اہل ہے اور کھیلوں سے محبت کرنےوالوں کی یہ سرزمین ہے۔

نیپال گیمز میں پاکستانی اتھلیٹس کی پرفارمنس کے بارے میں عارف حسن نے کہا کہ یہ سب بروقت اور بہترین طریقے سے نیشنل گیمز کے کامیاب انعقاد کی وجہ سے ممکن ہواہے۔ آرمی، واپڈا، خیبر پختونخوا حکومت ،کے پی کے اولمپکس ایسوسی ایشن،تمام آرگنائزر، محکموں، صوبائی ٹیموں کے بھرپور تعاون کی وجہ سے نیشنل گیمز میں اتھلیٹس کو تیاری کا سنہری موقع ملا، اگر ان گیمز کےساتھ تربیتی کیمپ بھی زیادہ دن کے لگائے جاتے تو مجھے یقین ہے کہ ان میڈلز کی تعداد اور زیادہ ہوسکتی تھی۔

تمام میڈلز ونرز نے پاکستان کا نام روشن کیاہے،گوہاٹی میں ہونےو الی گیمز میں پاکستان کو صرف بارہ گولڈمیڈل ملے تھے لیکن نیپال میں پاکستانی اتھلیٹس کی پرفارمنس بہت شاندار جارہی ہے جس پر ہم سب کو ان اتھلیٹس کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔
وقت اشاعت : 07/12/2019 - 12:38:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :