مصباح الحق نے مستعفی ہونے کا عندیہ دے دیا

اگر ٹیم کارکردگی نہیں دکھاتی تو پھر خود ہی اپنا عہدہ چھوڑ دوں گا: چیف سلیکٹر

muhammad ali محمد علی ہفتہ 7 دسمبر 2019 23:30

مصباح الحق نے مستعفی ہونے کا عندیہ دے دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 دسمبر2019ء) مصباح الحق نے مستعفی ہونے کا عندیہ دے دیا، چیف سلیکٹر کا کہنا ہے کہ اگر ٹیم کارکردگی نہیں دکھاتی تو پھر خود ہی اپنا عہدہ چھوڑ دوں گا۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ اگر ان کی منتخب کردہ ٹیم کارکردگی نہیں دکھائے گی تو پھر وہ عہدہ چھوڑ دیں گے۔

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ایسا نہیں ہے کہ میں بیٹھا رہوں اور ٹیم برباد ہوجائے۔ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ میرے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہے جو تمام چیزیں فوری طور پر ٹھیک کردوں۔ پورے ملک میں ایسا تاثر جارہا ہے کہ شاید قومی ٹیم کے سارے فیصلے میرے اکیلے کے ہوتے ہیں لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ کرکٹ بورڈ میں 6 سلیکٹرز ہیں اور ان تمام لوگوں کے مشورے سے ٹیم سلیکٹ کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

مصباح الحق مزید کہتے ہیں کہ ہ 10 سال کے بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہے۔ ہم سری لنکا کیخلاف سیریز کیلئے ٹیم میں بہت زیادہ تبدیلی نہیں چاہتے۔ ہوم سیریز کیلئے ٹیم میں وہ تبدیلیاں کی ہیں جنہیں ضروری سمجھا۔ فواد عالم پچھلے کئی سالوں سے کارکردگی دکھا رہے ہیں تو امید ہے کہ یہ اور دیگر کھلاڑی عمدہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہیں گے۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ایمانداری میرے لیے شرط اول ہے۔ ٹیم میں بہتری لانے کی کوشش کر رہا ہوں جبکہ نوجوانوں کی ٹیم بنانے کیلئے انہیں وقت درکار ہے۔
                                                                    
وقت اشاعت : 07/12/2019 - 23:30:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :