نجم سیٹھی نے ملکی کوچز کے تقرر کو ناکام تجربہ قرار دیدیا

مصباح کو دو عہدے دینے کا فیصلہ متنازع ہوچکا، ہماری پالیسی تھی ایسی اہم پوسٹ پر کسی ایک شخص کو نہیں ہونا چاہیے:سابق چیئرمین پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 8 دسمبر 2019 17:17

نجم سیٹھی نے ملکی کوچز کے تقرر کو ناکام تجربہ قرار دیدیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8 دسمبر2019ء) نجم سیٹھی نے ملکی کوچز کے تقرر کو ناکام تجربہ قرار دیدیا، سابق چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ میرے دور میں ایک کے سوا تمام کوچ غیر ملکی لیے گئے، مثبت نتائج بھی حاصل ہوئے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے ناقص کھیل کی بڑی وجہ ملکی کوچز لانے کی پالیسی ہے، ہمارا پاکستانی ہیڈکوچ کے ساتھ تجربہ زیادہ اچھا نہیں رہا تھا، اسلئے سوائے ایک کے تمام غیر ملکی کوچز لیے جسکے اچھے نتائج بھی سامنے آئے، اب کارکردگی کیوں خراب ہورہی ہے، پی سی بی اس کا تجزیہ کرے اور وجوہات کا جائزہ لےکر غلطیوں کو درست کرنےکی کوشش کرے۔

انھوں نے کہا کہ مصباح الحق کو دو عہدے دینے کا فیصلہ متنازع ہوچکا، ہماری پالیسی تھی کہ اس قسم کی اہم پوسٹ پر کسی ایک شخص کو نہیں ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ہمارا ارادہ یہ ہی تھا کہ پی ایس ایل کے ذریعے انٹرنیشنل کرکٹ واپس لےکر آئیں، اب خدا کا شکر ہے کہ ایسا ہورہا ہے، میں دعا گو ہوں کہ پاکستان میں لیگ صحیح طریقے سے ہو جائے، ہم نے پہلے کراچی اور ملتان سٹیڈیمز تیار کرائے،اب راولپنڈی کا کام بھی مکمل ہو گیا، سری لنکا کو سب سے پہلے پاکستان لانےوالے بھی ہم ہی ہیں، انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے آئی لینڈرز کی حمایت ضروری تھی، پہلے ہی کئی ممالک نے آمادگی ظاہر کر دی تھی، صرف انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا تیار نہیں ہو رہے تھے، امید ہے آئندہ 1 سے 2 سال میں سب ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔


وقت اشاعت : 08/12/2019 - 17:17:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :