بنگلہ دیش کو دورئہ پاکستان میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کی تجویز

جن مہینوں میں دن کے وقت گرمی ہوتی ہے، انکے دوران رات کو موسم بہتر ہوجاتا ہے اور ڈے نائٹ میچ کھیلے جاسکتے ہیں:احسان مانی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 9 دسمبر 2019 12:28

بنگلہ دیش کو دورئہ پاکستان میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کی تجویز
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9 دسمبر2019ء) پی سی بی نے بنگلہ دیش کو دورئہ پاکستان میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کی تجویز پیش کردی۔بنگال ٹائیگرز کو آئندہ سال جنوری میں 3 ٹی ٹونٹی اور2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے آنا ہے،بی سی بی کی جانب سے ناز نخرے دکھانے کا سلسلہ جاری اور ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا،پی سی بی اس سیریز میں ایک ٹیسٹ میچ ڈے اینڈ نائٹ کھیلنے کا خواہاں ہے۔

قذافی سٹیڈیم میں صحافیوں سے نشست میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ کئی ملکوں میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ مقابلوں کو پذیرائی حاصل ہورہی ہے، اگرہم ہر ہوم سیریز میں ایک ٹیسٹ کھیلنے کا پلان بنائیں تو سیزن بھی طویل کرسکتے ہیں،جن مہینوں میں دن کے وقت تھوڑی گرمی ہوتی ہے، ان کے دوران رات کو موسم بہتر ہوجاتا ہے اور ڈے اینڈ نائٹ میچ کھیلے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بنگلہ دیشی سکیورٹی وفد نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کی بنیاد پر بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے اپنی خواتین اور انڈر 16ٹیم پاکستان کے دورے پر بھیجی تھی اور اب اسی وفد کی جانب سے بنگلہ دیشی حکومت کو رپورٹ دی جائےگی کہ وہ اپنی مینز کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجے یا نہیں۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے دورے پر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں ہونےوالے دہشتگردی کے سانحے کے بعد بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے ہر ملک کا دورہ کرنے سے قبل اپنا سکیورٹی وفد بھیجنا معمول بنا لیا ہے اوربنگلہ دیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دورے سے قبل بھی یہی طریقہ کار اپنایا جا رہا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے یہ موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اگر ٹیسٹ سیریز ملک سے باہر اور ٹی ٹونٹی سیریز پاکستان میں کھیلی گئی تو دنیا میں پاکستان کے حوالے سے منفی تاثر جائےگا جسکا پاکستان سپر لیگ اور مستقبل کے دوروں پر بھی اچھا اثر نہیں پڑےگا۔
وقت اشاعت : 09/12/2019 - 12:28:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :