دس سال بعد ٹیسٹ سیریز کا آغاز ،سری لنکن ٹیم پاکستان پہنچ گئی، (کل)پریکٹس کرے گی

دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز (پرسوں)سے ہوگا ، دوسرا میچ 19دسمبر سے کراچی میں شروع ہوگا

پیر 9 دسمبر 2019 21:36

دس سال بعد ٹیسٹ سیریز کا آغاز ،سری لنکن ٹیم پاکستان پہنچ گئی، (کل)پریکٹس کرے گی
لاہور / اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 دسمبر2019ء) پاکستان میں ٹیسٹ سریز کھیلنے کیلئے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئی۔تفصیلات کے مطابق ملک میں 10 سال بعد کھیلی جانے والی ٹیسٹ سریز کا آغاز 11 دسمبر سے ہوگا، جہاں سری لنکن ٹیم اپنے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ میچز کھیلے گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ بدھ کو راولپنڈی میں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد دوسرا ٹیسٹ میچ 19 سے 23 دسمبر تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔

سیریز کے سلسلے میں سری لنکن ٹیم غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز ای کے 612 کے ذریعے براستہ دبئی پہنچ گئی ہے، اسلام آباد ایئرپورٹ پر مہمان ٹیم کا استقبال پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے کیا۔پاکستان پہنچنے والی سری لنکن ٹیم میں ان کے فاسٹ باؤلر سورنگا لکمل ساتھ نہیں کیونکہ گزشتہ روز سری لنکا کے کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا تھا کہ ڈینگی بخار کے باعث وہ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

سورنگا لکمل کی جگہ آسیتھا فرنینڈو کو جگہ دی گئی ہے اور وہ دوسرے میچ میں اسکواڈ کا حصہ ہوں گے اس کے علاوہ سری لنکا نے سابق کپتان دنیشن چندیمل کو بھی اپنی ٹیم میں واپسی کے راستے کے لیے ایک موقع فراہم کیا ہے تاہم ٹیم کی قیادت دیموتھ کارونارتنے کریں گے۔دوسری جانب پاکستان کی 16 رکنی ٹیسٹ ٹیم میں فواد عالم کی واپسی ہوئی ہے اور وہ اظہر علی کی قیادت میں قومی ٹیم میں کارکردگی دکھاتے نظر آئیں گے۔

واضح رہے کہ ستمبر میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم، 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹونٹی کھیلنے پاکستان آئی تھی۔پاکستان ٹیم میں اظہر علی (کپتان)، فواد عالم، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، بابر اعظم، عابد علی، اسد شفیق، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان، کاشف بھٹی، محمد عباس، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، یاسر شاہ اور عثمان شنواری جبکہ سری لنکا اسکواڈ میں دیموتھ کارونارتنے (کپتان)، اوشہادا فرنینڈو، کوسل مینڈس، انجیلو میتھیوس، دنیشن چندیمل، کوسل پریرا، لاہیرو تھریمانے، دھانن جایا ڈی سلوا، نروشن ڈکویلا، دلرووان پریرا، لستھ امبلڈینیا، لاہیرو کمارا، وشوا فرنینڈو، کاسن راجیتھا اور لکشن سنکدن جبکہ آخری ٹیسٹ کیلئے متبادل کھلاڑی آسیتھا فرنینڈو شامل ہیں ۔

ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے سابق کپتان بندولا ورنا پورا اور قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد کو بطور مہمان خصوصی راولپنڈی ٹیسٹ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ فیصلہ دونوں سابق کپتانوں کی کرکٹ کے لیے خدمات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا ہے، ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا میچ مارچ 1982 میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا۔

میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت جاوید میانداد اور سری لنکا کرکٹ ٹیم کی قیادت بندولا ورناپورا نے کی تھی، میچ میں پاکستان نے 204 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں 396 اوردوسری اننگز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بناکر اننگز ڈیکلیئرڈکردی تھی۔ مہمان ٹیم پہلی اننگز میں 344 اور دوسری اننگز میں 149 رنزبناکر آئوٹ ہوگئی تھی۔جاوید میانداد اور بندولا ورنا پورا دونوں ممالک کی ٹیموں کے درمیان 11 دسمبر سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ سے قبل 10 دسمبر کو سیریز کی ٹرافی کے فوٹو شوٹ میں شرکت کریں گے۔
وقت اشاعت : 09/12/2019 - 21:36:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :