ویمنز سیریز: انگلینڈ نے پاکستان کو 75رنزسے شکست دیدی

پیر 9 دسمبر 2019 22:39

ویمنز سیریز: انگلینڈ نے پاکستان کو 75رنزسے شکست دیدی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 دسمبر2019ء) آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں شامل تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو75 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ مہمان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 285 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 209 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

کنرارا اوول، کوالالمپور میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز ڈینی وائٹ اور یبیماؤنٹ کی شاندار سنچریوں کی بدولت مہمان ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 284 رنزبنائے۔ ڈینی وائٹ نے 95 گیندوں پر 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سی110 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

(جاری ہے)

بیماؤنٹ 107 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ دونوں کرکٹرز کے درمیان 188 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ مہمان ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والی اسپنر رامین شمیم نے 3وکٹیں حاصل کیں۔285رنز کے تعاقب میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا آغاز متاثر کن نہ رہا اور محض 39 کے مجموعی اسکور پر اس کی تین بیٹرز آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئیں۔

چوتھی وکٹ کے لیے بسمعہ معروف اور عمیمہ سہیل کے درمیان 67 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم کپتان بسمعہ معروف 69 اورعمیمہ سہیل 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ ایک بار پھر دباؤ کا شکا رہوگئی اور پوری ٹیم 45ویں اوور میں 209 رنزبناکر آؤٹ ہو گئی۔ عالیہ ریاض نے 39 رنز اسکور کیے۔مہمان ٹیم کی جانب سے کیٹ کراس نے 4وکٹیں حاصل کیں۔میچ میں پاکستان کی جانب سے رامین شمیم اور انگلینڈ کی جانب سے سارہ گلین نے ڈیبیو کیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 12 دسمبر کو کنرارا اکیڈمی اوول میں کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 09/12/2019 - 22:39:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :