گینگز کے خلاف گھیر ا تنگ ، 888گینگ کا سرگرم رکن گرفتار ، اسلحہ برآمد

پیر 9 دسمبر 2019 23:59

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2019ء) سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد احسن یونس کے احکامات پر گینگز کے خلاف گھیر ا تنگ کرتے ہوئے 888گینگ کا سرگرم رکن گرفتار کرلیا ، ملزم اسلحہ کی نمائش اور دیگر قانون شکنیوں میں ملوث تھا۔ تفصیلات کے مطابق ایس پی راول آصف مسعود نے سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی ڈی آئی جی محمد احسن یونس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بنی پولیس نے 888گینگ کا انتہائی سرگرم رکن انزد گل کو گرفتار کرکے ملزم کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے۔

ایس پی نے بتایا کہ ملزم اسلحہ کی نمائش کرکے اسکی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتا تھا تاکہ معاشرہ میں اس کے خوف کی دھاک بیٹھ سکے۔ ایس پی نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم سے دیگر قانون شکنوں کے بارے میں اہم انکشافات کی توقع ہے جن سے گینگ کے دیگر ملزمان کو ٹریس کرنے اور جن وارداتوں میں یہ گینگ ملوث رہا ہے انکو ٹریس کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

ایس پی نے کہا کہ گرفتار ملزم 888گینگ کا سرگرم رکن ہے اور معاشرے میں خودکو خوف کی علامت کے طور پر ظاہر کرنے کے لئے مختلف قانون شکنیاں کرکے اسلحہ کی کھلے عام نمائش کرتا ہے۔ سی پی او نے 888گینگ کے رکن کی گرفتاری پر کہا کہ معاشرے میں کسی کو بھی خوف کی علامت بننے نہیں دیا جائے گا، قانون شکن عناصر کی گرفتاری پولیس کی اولین ترجیح ہے، قانون سب کے لئے برابر ہے، قانون شکن چاہے کتنا بھی طاقت ور ہو قانون کی طاقت سے بالاترنہیں ہے۔

سی پی او نے ایس پی راول کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ملزم سے تفتیش کر کے گروپ کے دیگر ممبران اور سہولت کاروں کو ٹریس کرکے گرفتار کیا جائے، یہ بھی پتہ چلایا جائے کہ ملزم کن وارداتوں میں ملوث تھا اور ہر واردات پر مقدمہ درج کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کو ٹھوس ثبوتوں کے ساتھ چالان کیا جائے تاکہ عدالت سے کڑی سے کڑی سزادلوائی جاسکے۔
وقت اشاعت : 09/12/2019 - 23:59:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :