کراچی: کھیل کے میدانوں سے تعمیراتی سامان ہٹانے کاحکم جاری

ٹھیکیدار نے شہر میں تین فلائی اوور کی تعمیر کے سلسلے میں ان کھیلوں کے میدانوں کو اپنے عارضی گوداموں میں تبدیل کردیا تھا

منگل 10 دسمبر 2019 17:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2019ء) سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے کراچی کے ضلع وسطی میں کھیل کے میدانوں سے تمام تعمیراتی سامان ہٹانے کا حکم دیا ہے۔سندھ انفراسٹرکچر کمپنی لمیٹڈ نے چئیرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کے خط کا مثبت ردعمل دیتے ہوئے متعلقہ کنٹریکٹرز کو ان تمام پارکوں اور کھیل کے میدانوں کو خالی کرنے کی ہدایت کی۔

ٹھیکیدار نے شہر میں تین فلائی اوور کی تعمیر کے سلسلے میں ان کھیلوں کے میدانوں کو اپنے عارضی گوداموں میں تبدیل کردیا تھا جبکہ پچھلے تین سالوں سے ان کے کرشنگ پلانٹس اور دیگر مشینری وہاں نصب تھیں۔ایس آئی ڈی سی ایل کے عہدیدار نے ٹھیکیداروں سے ناظم آباد بلاک ایل میں جے ای ایف سی او گراونڈ ، ناظم آباد نمبر 2 میں چلڈرنز گرانڈ ، غالب لائبریری سے متصل اسپورٹس کمپلیکس ، رضویہ چورنگی پلے گرانڈ ، شادمان پلے گرانڈ اور ناظم آباد نمبر 1 میں مجاہد پلے گراونڈ خالی کرنے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

ایس آئی ڈی سی ایل کے ٹیکنیکل منیجر قیصر علی نے یہ ہدایات چئیرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کے لکھے گئے خط کے جواب میں جاری کیں۔واضح رہے کہ ریحان ہاشمی نے متعدد مرتبہ سندھ انفراسٹرکچر کمپنی لمیٹڈ کو اپنے تحفظات و عوامی مشکلات سے آگاہ کیا تھا اور گزشتہ ہفتے بھی ایک خط ارسال کیا تھا۔
وقت اشاعت : 10/12/2019 - 17:12:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :