بورڈ حکام کی بے جا مداخلت ،مدثرنذر کا معاہدے میں توسیع نہ لینے کا فیصلہ

مختلف معاملات میں بورڈ حکام کی طرف سے مزاحمت اور تاخیری حربوں کی وجہ سے مدثر نذر ناخوش تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 10 دسمبر 2019 16:16

بورڈ حکام کی بے جا مداخلت ،مدثرنذر کا معاہدے میں توسیع نہ لینے کا فیصلہ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10دسمبر2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر نے روزمرہ کے معاملات میں بورڈ حکام کی بے جا مداخلت اور کام کیلئے اچھا ماحول نہ ہونےکی وجہ سے معاہدے میں توسیع نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مدثر نذر کو احسان مانی اور وسیم خان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد آزادانہ کام کرنے میں دشواری کا سامنا تھا۔

مختلف معاملات میں بورڈ حکام کی طرف سے مزاحمت اور تاخیری حربوں کی وجہ سے مدثر نذر ناخوش تھے۔ اعلیٰ حکام کے اس رویئے کی وجہ سے چند ہفتے قبل بھی انہوں نے کرکٹ بورڈ کی اعلیٰ شخصیت کے سامنے فوری طورپر عہدہ چھوڑنےکی پیشکش کی تھی‘ تاہم بعد میں قریبی دوستوں کے کہنے پر وہ معاہدہ مکمل کرنے پر رضامند ہوئے۔ چند روز قبل نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سینئر جنرل منیجر علی ضیائ کے اچانک مستعفی ہونے کے بعد مدثر نذر نے کرکٹ بورڈ حکام کو پیغام دیا کہ وہ آئندہ برس معاہدہ ختم ہونے کے بعد توسیع کی خواہش نہیں رکھتے۔

(جاری ہے)

مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ فیصلہ ذاتی مصروفیات کے بجائے بورڈ حکام کے عدم تعاون اور بے جا مداخلت کی وجہ سے کیا ہے۔ علی ضیاءکو بھی مستعفی ہونے پر مجبور کیا گیا ہے۔ مدثر نذر کو شہریار خان کے دور میں کرکٹ بورڈ کا ڈائریکٹر اکیڈمیز مقرر کیا گیا تھا۔ گولڈن آرم کا خطاب حاصل کرنےوالے آل راﺅنڈر کا شمار ان کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جن کی صلاحیتوں کے وزیراعظم عمران خان بھی معترف ہیںتاہم احسان مانی اور وسیم خان کے آنے کے بعد انہیں کام کرنےکی آزادی حاصل نہ رہی۔

انکے بااعتماد ساتھی اکیڈمی کے سینئر ترین منیجر علی ضیاءکے مستعفی ہونے کے بعد مدثر نذر نے معاہدہ ختم ہونے سے خاصا پہلے کرکٹ بورڈ حکام کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا۔ مدثر نذر انٹرنیشنل کرکٹ اکیڈمی کی گلوبل اکیڈمی میں ہیڈ کوچ کی ملازمت چھوڑ کر پاکستان آئے تھے۔
وقت اشاعت : 10/12/2019 - 16:16:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :