ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ، سری لنکا نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنا لئے،

کرونارتنے کی ففٹی، نسیم شاہ کی 2، عباس، شاہین آفریدی اور عثمان شنواری نے ایک، ایک وکٹ لی

بدھ 11 دسمبر 2019 19:33

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2019ء) آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2019 ء میں سری لنکن ٹیم نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنا لئے تھے، کپتان دیمتھ کرونارتنے 59 رنز بنا کر نمایاں رہے، دھنن جایا ڈی سلوا 38 اور نیروشن ڈکویلا 11 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، نسیم شاہ نے 2 جبکہ محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان شنواری نے ایک، ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

بدھ کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن کپتان کرونا رتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کپتان دیمتھ کرونارتنے اور اوشادا فرننڈو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 96 رنز کا پر اعتماد آغاز فراہم کیا، اس موقع پر شاہین آفریدی نے کرونارتنے کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، انہوں نے 59 رنز بنائے، ان کے آئوٹ ہونے کے بعد اوشادا فرننڈو کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ 40 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، کوسل مینڈس زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 10 رنز بنا کر عثمان شنواری کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، دنیش چندیمل سری لنکا کے چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جنہیں 2 کے انفرادی سکور پر محمد عباس نے کلین بولڈ کیا، اس کے بعد میتھیوز نے دھنن جایا ڈی سلوا کا ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے ٹیم کا سکور 189 تک پہنچا دیا، یہاں پر نسیم شاہ نے میتھیوز کو آئوٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ توڑی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، انہوں نے 31 رنز بنائے، سری لنکن ٹیم نے 68.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے تھے کہ کم روشنی کے باعث پہلے روز میچ کو ختم کر دیا گیا، دھنن جایا ڈی سلوا 38 اور ڈکویلا 11 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

وقت اشاعت : 11/12/2019 - 19:33:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :