گلبدین نائب کی جان بوجھ کر خراب کھیلنے والے افغان کرکٹرز کو بے نقاب کرنیکی دھمکی

مجھ سے وعدہ کیا گیا تھا کہ افغانستان کرکٹ میں بدنظمی پیدا کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائےگا:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 13 دسمبر 2019 17:30

گلبدین نائب کی جان بوجھ کر خراب کھیلنے والے افغان کرکٹرز کو بے نقاب کرنیکی دھمکی
کابل(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 دسمبر2019ء) افغانستان کے سابق کپتان گلبدین نائب نے بورڈ اور ٹیم میں موجود مافیا کو بے نقاب کرنےکی دھمکی دےدی۔گلبدین نائب نے ٹویٹ کیا کہ مجھ سے وعدہ کیا گیا تھا کہ افغانستان کرکٹ میں بدنظمی پیدا کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائےگا، مگر ایسا کچھ نہیں ہوا اگر فوری طور پر ان کےخلاف کارروائی نہیں ہوئی تو میں حکومت میں بیٹھے آفیشل، بورڈ ممبران اور ان کھلاڑیوں کا نام ظاہر کردوں گا جو اس مافیا کا حصہ ہیں۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ان کھلاڑیوں کو بھی بے نقاب کریں گے جو انکی قیادت میں جان بوجھ کر ورلڈ کپ میں خراب کھیلے۔
یاد رہے کہ افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان گلبدین نائب نے مبینہ طور پر چند سینئر کھلاڑیوں پر جان بوجھ کر ورلڈ کپ میں خراب کھیلنے کا الزام عائد کیا تھا۔

(جاری ہے)

گلبدین نائب نے مبینہ طور پر کہا کہ ہم ورلڈ کپ میں زیادہ انحصار اپنے سینئرز پر کررہے تھے مگر انھوں نے جان بوجھ کر اچھا پرفارم ہی نہیں کیا اور نہ ہی وہ مجھے کوئی اہمیت دیتے تھے بلکہ ناکامیوں پر بجائے افسردہ ہونے کے وہ قہقہے لگاتے دکھائی دیتے، میں جب میدان میں انھیں باﺅلنگ کرنے کیلئے کہتا تو وہ میری طرف دیکھتے تک نہیں تھے۔

یاد رہے کہ جب گلبدین نائب کو کپتان بنایا گیا تب شائقین نے اس فیصلے پر شدید تنقید کی تھی اور پرانے کپتان اصغر افغان کو ہٹانےکی ٹائمنگ پر بھی اعتراض کیے گئے۔ٹیم کے اہم پلیئرز راشد خان اور محمد نبی نے بھی کپتان بدلنے کے وقت پر تنقید کی تھی اور لیگ سپنر راشد خان نے ٹویٹ کیا تھا کہ اب جبکہ ورلڈ کپ جیسے میگا ایونٹ میں تھوڑا سا ٹائم رہ گیاایسے میں کپتان کی تبدیلی غیریقینی کا باعث بنے گی جبکہ ٹیم کا مورال بھی ڈان ہوگا۔ورلڈ کپ میں خود راشد خان غیرمعمولی پرفارم نہیں کرپائے جبکہ سابق کپتان اصغر افغان جدوجہد کرتے ہوئے دکھائی دیے تھے۔ افغانستان بغیر کسی پوائنٹ کے 10 ٹیموں کے ایونٹ میں آخری نمبر پر رہا تھا۔ 
وقت اشاعت : 13/12/2019 - 17:30:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :