پرتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 416 رنز بناکر آئوٹ، لابوشین کے 143 رنز

نیوزی لینڈ کی 109 رنز پر 5 وکٹیں گر گئیں، روس ٹیلر 66 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ، سٹارک نے 4 وکٹیں حاصل کیں

جمعہ 13 دسمبر 2019 19:05

پرتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 416 رنز بناکر آئوٹ، لابوشین کے 143 رنز
پرتھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2019ء) آسٹریلیا کی ٹیم پرتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 416 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، مارنس لابوشین نے 143 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، ٹم سائودی اور نیل ویگنر نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں، نیوزی لینڈ کی109 رنز پر 5 وکٹیں گر گئیں، روس ٹیلر 66 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں، مچل سٹارک نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

جمعہ کو پرتھ میں ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 248 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو مارنس لابوشین 110 اور تراوس ہیڈ 20 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں کے درمیان 76 رنز کی شراکت قائم ہوئی، لابوشین 143 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد نیل ویگنر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، تراوس ہیڈ نے 56 رنز کی اننگز کھیلی، انہیں ٹم سائودی نے آئوٹ کیا، کپتان ٹم پائن 39، مچل سٹارک 30، پیٹ کمنز 20 اور نیتھن لائن 8 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، اس طرح آسٹریلیا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 416 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، ٹم سائودی اور نیل ویگنر نے چار، چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی دو وکٹیں ایک رن پر گر گئیں، ٹام لیتھم صفر اور جیت راول ایک رن پر آئوٹ ہوئے، کپتان کین ولیمسن اور روس ٹیلر نے اس موقع پر ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور ٹیم کا سکور 77 تک پہنچا دیا، ولیمسن 34 رنز بناکر مچل سٹارک کا شکار بن گئے، 97 کے مجموعی سکور پر مچل سٹارک نے مسلسل دو گیندوں پر دو کھلاڑی آئوٹ کرکے نیوزی لینڈ کی مشکلات میں اضافہ کر دیا، ہینری نکولس 7 اور نیل ویگنر بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے۔ کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ کی 109 رنز پر 5 وکٹیں گر گئیں، روس ٹیلر 66 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں، مچل سٹارک نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
وقت اشاعت : 13/12/2019 - 19:05:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :