دورہ پاکستان کیلئے ہم کسی کھلاڑی پر دباؤ نہیں ڈالیں گے، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ

ہماری دو ٹیموں نے پاکستان کا دورہ کیا ہے ہم سیکیورٹی انتظامت سے مطمئن ہیں، نظم الحسن

Ahmad Tariq احمد طارق اتوار 15 دسمبر 2019 04:29

دورہ پاکستان کیلئے ہم کسی کھلاڑی پر دباؤ نہیں ڈالیں گے، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ

ڈھاکہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 دسمبر2019ء) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ صدر نظم الحسن نے کہا ہے کہ پاکستان جانے کیلئے کھلاڑیوں پر دباونہیں ڈالیں گے، اطلاعات کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو دورہ پاکستان کیلئے حکومت سے کلیئرنس ملنے کی امید ہے تاہم بورڈ کے صدر نظم الحسن کہتے ہیں کہ اجازت مل بھی گئی تو کھلاڑیوں پر وہاں جانے کیلئے دباو نہیں ڈالا جائے گا۔

بورڈ کے صدر نظم الحسن نے کہا کہ ہماری دو ٹیموں نے پاکستان کا دورہ کیا ہے ہم سیکیورٹی انتظامت سے مطمئن ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جب حکومت کی جانب سے گرین سگنل ملے گا پی سی بی کو آگاہ کردیں گے۔ صدر بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا مزید کہنا ہے کہ کھلاڑی راضی ہوئے تو ٹیم میں کوئی تبدیلیاں نہیں کریں گے، تمام اہم کھلاڑی اسکواڈ کا حصہ ہونگے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اردوپوائنٹ کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم اگلے سال پاکستان کا دورہ کرے گی۔

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا یہ دورہ اگلے سال جنوری فروری میں ہوگا۔ سیریز میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل جبکہ دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان پر رضامند ہوگیا ہے، باقاعدہ اعلان کچھ دنوں تک متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کی کوششیں بالآخر کام آگئی ہیں اور اب بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر رضامند ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ پچھلے کچھ مہینوں سے پی سی بی کوششیں کر رہا تھا کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے، جس کیلئے ایم ڈی پی سی بی وسیم خان اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور کچھ سینئر کھلاڑیوں کو دورے پر تحفظات ضرور تھے لیکن اب یہ تحفظات دور ہوچکے ہیں۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے تمام سینئر کھلاڑی پاکستان کے دورے میں ٹیم کا حصہ ہوں گے جن میں شکیب الحسن، مشفیق الرحیم زیر فہرست ہیں۔

واضح رہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم اس وقت پاکستان کے دورے پر ہے جہاں اسے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورے پاکستان کی وجہ سے بھی بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

وقت اشاعت : 15/12/2019 - 04:29:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :