پاکستان کو ایشیا کپ جتوانے والے مایہ ناز قومی کرکٹر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

فاسٹ باولر اعزاز چیمہ نے قائداعظم ٹرافی ٹورنامنٹ میں وسطی پنجاب کو فتح دلوانے کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ سے باقاعدہ کنارہ کشی اختیار کر لی

muhammad ali محمد علی منگل 31 دسمبر 2019 21:51

پاکستان کو ایشیا کپ جتوانے والے مایہ ناز قومی کرکٹر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 دسمبر2019ء) پاکستان کو ایشیا کپ جتوانے والے مایہ ناز قومی کرکٹر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، فاسٹ باولر اعزاز چیمہ نے قائداعظم ٹرافی ٹورنامنٹ میں وسطی پنجاب کو فتح دلوانے کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ سے باقاعدہ کنارہ کشی اختیار کر لی۔ تفصیلات کے مطابق اعزاز چیمہ نے قائد اعظم ٹرافی میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے گزشتہ روز کراچی میں فائنل میں ناردرن کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

قائداعظم ٹرافی کے اختتام کے موقع پر اعزاز چیمہ نے فرسٹ کلاس سے بھی ریٹائر منٹ کا اعلان کر دیا۔ رائٹ آرم فاسٹ بولر اعزاز چیمہ نے قائد اعظم ٹرافی میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کی،اعزاز چیمہ نے 140 فرسٹ کلاس میچز میں 572 وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

40 سالہ اعزاز چیمہ نے 7 ٹیسٹ اور 14 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔15 ستمبر 2011 کو زمبابوے کے خلاف بولاوایو میں ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے اعزاز چیمہ نے ٹیسٹ میچوں میں 31 اعشاریہ 90 کی اوسط سے 20 وکٹیں حاصل کیں۔

اعزاز چیمہ نے 14 ایک روزہ بین الاقومی اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بھی پاکستان کی نمائندگی اور بالترتیب 23 اور 8 وکٹیں لیں۔واضح رہے اعزاز چیمہ 2012 میں مصباح الحق کی قیادت میں ایشیا کپ جیتنے والی قومی ٹیم کا حصہ تھے۔ایشیا کپ کے فائنل میں جب بنگلہ دیش کو آخری اوور میں جیت کے لیے صرف 9 رنز درکار تھے تو اعزاز چیمہ نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان رنز کا کامیابی سے دفاع کیا تھا اور ٹیم کو 2 رنز سے فتح دلوائی تھی۔
                                   
وقت اشاعت : 31/12/2019 - 21:51:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :