کرسٹیانو رونالڈو نے معذور مسلمان مداح سے ملاقات کرکے اسکی خواہش پوری کردی

فٹ بالر نے بچے کیساتھ کھیلنے کی ویڈیو بھی شیئر کی،یقین نہیں آرہا ہے کہ میری یہ خواہش پوری ہوگئی:علی عامر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 1 جنوری 2020 15:19

کرسٹیانو رونالڈو نے معذور مسلمان مداح سے ملاقات کرکے اسکی خواہش پوری کردی
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم جنوری2020ء) شہرہ آفاق فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے معذور مداح سے ملاقات کرکے اسکی خواہش پوری کردی۔گزشتہ روز پرتگال سے تعلق رکھنے والے معروف فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ایک معذور بچے کے ساتھ فٹ بال کھیل رہے ہیں، علی عامر نامی یہ معذور بچہ کرسٹیانو رونالڈو کا ایک خاص مداح ہے۔

رونالڈو نے اپنے اس خاص مداح کی خوا ہش پر اس سے ملاقات کی اور پھر فٹ بال بھی کھیلی، رونالڈو نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’آپ سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی، آپ نے مجھے بہت متاثر کیا‘۔

دوسری جانب علی عامر نے اپنے انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر رونالڈو سے ملاقات کی تصاویر شیئر کیں اور ساتھ ہی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں رونالڈو اپنے مداح کو فٹبال پر آٹوگراف دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

علی عامر نے اِن تصاویر اور ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’ان کو یقین نہیں آرہا ہے کہ انکی یہ خواہش پوری ہوگئی ہے۔‘علی عامر نے لکھا کہ ’میں اِس کے لیے سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے میری دعا قبول کی اور رونالڈو سے ملاقات کروانے کے لیے کچھ لوگوں کو وسیلہ بنایا۔‘انہوں نے اِس ملاقات کے لیے کرسٹیانو رونالڈو کا بھی شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی فٹ بال کھیلنے کے لیے بھی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اِس موقع پر لکھا کہ ’میں اپنے والدین کا بھی شکر گزار ہوں۔‘

علی عامر نے انسٹاگرام پر وہ ویڈیو بھی شیئر کی جس میں رونالڈو ان کےساتھ فٹ بال کھیل رہے ہیں۔

وقت اشاعت : 01/01/2020 - 15:19:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :