آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 17 جنوری سے جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا،

16 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کریں گی،پاکستان گروپ سی میں بنگلہ دیش، سکاٹ لینڈ اور زمبابوے کے ساتھ شامل

جمعرات 2 جنوری 2020 13:21

آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 17 جنوری سے جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا،
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2020ء) 13 واں آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ 17 جنوری سے جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا جس میں 16 مختلف ممالک کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی۔ میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کیلئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ پاکستان کو گروپ سی میں بنگلہ دیش، سکاٹ لینڈ اور زمبابوے کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے مطابق آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ کا 13 واں ایڈیشن 17 جنوری سے جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا، میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کیلئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ میگا ایونٹ میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی جن میزبان جنوبی افریقہ، پاکستان، بھارت، جاپان، نیوزی لینڈ، سری لنکا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا، نائیجیریا، سکاٹ لینڈ، زمبابوے، کینیڈا، متحدہ عرب امارات اور افغانستان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تمام 16 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں بھارت، جاپان، نیوزی لینڈ اور سری لنکا شامل ہیں۔ گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، نائیجیریا اور ویسٹ انڈیز کو رکھا گیا ہے۔ گروپ سی میں پاکستان، بنگلہ دیش، سکاٹ لیند اور زمبابوے شامل ہیں جبکہ گروپ ڈی میں افغانستان، کینیڈا، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارت ہیں۔ دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ 2020ء میں اپنا پہلا میچ سکاٹ لینڈ کے خلاف 19 جنوری کو پوچیف سٹروم کی نارتھ ویسٹ یونیورسٹی اوول میں کھیلے گی۔

24 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے۔ رواں ماہ 17 جنوری سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ کا فائنل میچ 9 فروری کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ 22جنوری کو زمبابوے کے خلاف بلوم فونٹین میں کھلے گی۔ گروپ مرحلے میں پاکستان ٹیم اپنے آخری میچ بنگلہ دیش کے خلاف 24 جنوری کو مد مقابل ہوگی۔ ہر گروپ سے دو بہترین ٹیمیں سپر لیگ مرحلے تک رسائی حاصل کریں گی جبکہ باقی تمام ٹیمیں پلیٹ چیمپئن شپ کیلئے نبردآزمائی کریں گی۔

ایونٹ میں سپر لیگ مرحلے کا آغاز 28 جنوری سے شروع ہوگا۔ سپر لیگ مرحلے کے اختتام پر 4 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان فائنل معرکہ 9 فروری کو ہوگا۔ واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم دو مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔ پاکستان ٹیم اس سے قبل 2004ء میں بنگلہ دیش اور 2006ء میں سری لنکا میں منعقدہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ ٹائٹلز جیت چکی ہے اس کے علاوہ میگا ایونٹ کے 3 ایڈیسشنز میں رنر اپ بھی رہ چکی ہے۔

گزشتہ سال نیوزی لینڈ میں منعقدہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی قیادت حسان خان نے کی تھی، ایونٹ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کو سیمی فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ پہلی بار 1988ء میں کھیلا گیا جس کے ہر 2 سال بعد ایونٹ کا انعقاد مستقل بنیادوں پر کیا جا رہا ہے۔ ایونٹ کے تاحال 12 ایڈیشنز مکمل ہو چکے ہیں جس میں بھارت سب سے زیادہ چار مرتبہ فاتح رہا۔ آسٹریلوی ٹیم تین مرتبہ، پاکستان دو مرتبہ جبکہ جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز ایک ایک مرتبہ میگا ایونٹ کا ٹائٹل جیت چکی ہیں۔
وقت اشاعت : 02/01/2020 - 13:21:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :