فیفا ورلڈ کپ 2022ء کے آپریشنل معاملات میں مدد کیلئے پاکستان اپنی فورسز کے ریٹائرڈ اہلکار قطر بھجوائے گا

جمعہ 3 جنوری 2020 16:30

فیفا ورلڈ کپ 2022ء کے آپریشنل معاملات میں مدد کیلئے پاکستان اپنی فورسز کے ریٹائرڈ اہلکار قطر بھجوائے گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2020ء) فیفا ورلڈ کپ 2022ء کے آپریشنل معاملات میں مددکیلئے پاکستان اپنی فورسز کے ریٹائرڈ اہلکار قطر بھجوائے گا۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز ذوالفقار بخاری نے’’ اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ قطر نے پاکستان کو ملازمتوں کے حوالے سے جو 1 لاکھ افراد کا کوٹہ دیا تھا اس میں سے 80 فیصد پورا کر لیا گیا ہے، اب مزید کوٹے کے حوالے سے بات چیت کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ قطر میں کھیل کے سب سے بڑے ایونٹ فیفا ورلڈ کپ 2022ء کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کے حوالے سے تعمیراتی کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے اور وہاں کی انتظامیہ اب آپریشنل معاملات کی جانب جا رہی ہے۔ پاکستان سے جو افرادی قوت بھیجی گئی تھی وہ تعمیراتی شعبہ سے متعلق تھی۔

(جاری ہے)

زلفی بخاری نے بتایا کہ قطر میں فیفا ورلڈ کپ 2022ء کا ایونٹ آرگنائز کرنیوالی سپریم کمیٹی کے سیکرٹر ی جنرل حسن التوحیدی میرے دوست ہیں اور پچھلے دنوں دورہ قطر کے دوران میری ان سے ملاقات بھی ہوئی جس میں مختلف امور زیر بحث آئے۔

انہوں نے بتایا کہ اب جب تعمیراتی کام کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے تو حسن التوحیدی نے آپریشنل معاملات کیلئے پاکستان سے سکیورٹی فورسز، ہاسپیٹلٹی کے شعبہ کے لوگ لینے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں قطر میں منعقد ہونیوالے فیفا ورلڈ کپ 2022ء کے آپریشنل معاملات میں مدد کیلئے پاکستان آرمی، ایئر فورس کے ریٹائرڈ اہلکاروں کو قطر بھجوائے گا۔
وقت اشاعت : 03/01/2020 - 16:30:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :