ملتان سلطانز نے پی ایس ایل 5 کیلئے اپنے نئے کپتان کے نام کا اعلان کردیا

شعیب ملک کے ٹیم کو خیرباد کہہ جانے کے بعد اب شان مسعود ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 4 جنوری 2020 19:52

ملتان سلطانز نے پی ایس ایل 5 کیلئے اپنے نئے کپتان کے نام کا اعلان کردیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جنوری2020ء) ملتان سلطانز نے پی ایس ایل 5 کیلئے اپنے نئے کپتان کے نام کا اعلان کردیا، شعیب ملک کے ٹیم کو خیرباد کہہ جانے کے بعد اب شان مسعود ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز نے سیزن 5 کیلئے اپنے کپتان اور سینئر آل راونڈر شعیب ملک کو ریلیز کر دیا تھا۔

شعیب ملک اب پشاور زلمی کا حصہ بن چکے ہیں۔ شعیب ملک کی رخصت کے بعد سوال کیا جا رہا تھا کہ ملتان سلطانز کا نیا کپتان کون ہوگا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر شاہد آفریدی ملتان سلطانز کے نئے کپتان ہوں گے۔ تاہم اب بتایا گیا ہے کہ ملتان سلطانز کی مینیجمنٹ نے پی ایس ایل 5 کیلئے اپنے نئے کپتان کا چناع کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ شعیب ملک کے ٹیم کو خیرباد کہہ جانے کے بعد اب شان مسعود ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔

دوسری جانب پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز نے اینڈی فلاور کو ہیڈ کوچ جبکہ نیتھن لیون کو سینئر انالسٹ مقرر کر دیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ میں اینڈی فلاور کی دوسری ذمہ داری ہے جو لیگ کے پہلے ایڈیشن میں پشاور زلمی کے اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے بھی فرائض نبھا چکے ہیں۔ ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کی جانب سے تجزیاتی اور حکمت عملی کے حوالے سے فرائض سونپنے پر نیتھن لیون کا کہنا تھا کہ ابتداء سے ہی جاذب نظر پہلو فرنچائز مالک کی طرف سے اس بات کی وضاحت ہے کہ وہ تجزیاتی فرائض کا استعمال کرتے ہوئے ٹیم کو اگلے لیول پر لے جانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اینڈی فلاور کیساتھ مل کر اجتماعی طور پر ٹیم کی حکمت عملی کو بہتر بنائیں گے۔ ہر مرحلے پر حتمی فیصلے کا اختیار ہیڈ کوچ اور کپتان کو حاصل ہوگا لیکن اس کے پس پشت ایک مضبوط سٹرکچر معلومات کی فراہمی کا کام کر رہا ہوگا جس کے سہارے وہ ممکنہ طور پر بہترین فیصلے کر سکیں گے۔
وقت اشاعت : 04/01/2020 - 19:52:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :