اے بی ڈی ویلیئرز کی اگست سے انٹر نیشنل کرکٹ میں واپسی یقینی

سابق کپتان ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سےقبل ہی ریٹائرمنٹ واپس لیکرٹیم کیساتھ کم سےکم ایک انٹر نیشنل سیریز کھیل کر خودکوایڈجسٹ کرلیں: فاف ڈوپلیسی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 16 جنوری 2020 14:36

اے بی ڈی ویلیئرز کی اگست سے انٹر نیشنل کرکٹ میں واپسی یقینی
پورٹ ایلزبتھ (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16جنوری 2020ء ) پروٹیز کپتان فاف ڈو پلیسی نے مئی 2018ء میں ریٹائر ہونے والے سابق جنوبی افریقی بلے بازاے بی ڈی ویلیئرز کی ٹی ٹونٹی ٹیم میں واپسی کی خواہش اکتوبر میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ  سے بھی قبل کردی۔ 35 سالہ ڈو پلیسی نے رد عمل میں خواہش ظاہر کی ہے کہ ڈی ویلیئرز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل ہی ریٹائرمنٹ واپس لیں اور ٹیم کے ساتھ کم سے کم ایک انٹر نیشنل کرکٹ سیریز کھیل کر اپنے آپ کو ایڈجسٹ کرلیں ۔

یاد رہے کہاے بی ڈویلیئرز نے رواں سال ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں واپسی کا عندیہ دیا تھا۔35سالہ بلے باز نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ٹیم میں واپسی کے خواب کو حقیقت میں تبدیل کرنے کے لئے بہت کچھ چل رہا ہے،پروٹیز ٹیم کی نئی انتظامیہ جن میں ڈائریکٹر گریم سمتھ، کوچ مارک باؤچر اور کپتان فاف ڈو پلسی سے رابطے میں ہوں اور ہم سب مل کر اس پر کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ میں خود کو اور اپنے مداحوں کو مایوس نہیں کرنا چاہتا، ابھی میری ساری توجہ اچھی کرکٹ کھیلنے کی جانب گامزن ہے۔بورڈ میں نئی انتظامیہ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے اکثر لوگوں کے ساتھ میں نے کئی سال کرکٹ کھیلی ہے اس لیے ان کے ساتھ رابطے میں مجھے کسی دشواری کا سامنا نہیں ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈو پلسی نے تصدیق کی کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ٹیم انتظامیہ سابق کپتان و مایہ ناز بلے باز اے بی ڈویلیئرز سے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لئے ٹیم میں واپسی سے متعلق بات چیت کر رہی ہے۔

اس سے قبل پروٹیز کے نومنتخب کوچ مارک بوچر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ سابق کپتان سے ٹیم میں واپسی کے لئے بات کریںگے۔جنوبی افریقی کپتان کا کہنا تھا کہ شائقین کے ساتھ ساتھ میں بھی چاہتا ہوں کہ اے بی ٹیم میں واپس آئیں، اور ٹیم انتظامیہ اس سلسلے میں گزشتہ 3ماہ سےان سے رابطے میں ہے۔یاد رہے گزشتہ سال جارح مزاج بلے باز اے بی ڈیویلئیرز نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے عالمی کپ سے قبل جنوبی افریقہ کے سابق کوچ نے دعوی کیا تھا کہ انہوں نے اے بی ڈی ویلیئرز سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے کی التجا کی تھی۔انکا کہنا تھا کہ یہ تاثر قائم ہوگیا تھا کہ اے بی اپنی مرضی کے مطابق ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی کرکٹ کھیلنے کو ترجیح دیتے تھے جب کہ اس بات میں حقیقت نہیں تھی، میں نے خود اے بی کو یہ اختیار دیا تھا کہ وہ اپنے آپ کو ورلڈ کپ 2019ء کے لئے تیار کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اے بی پر یہ بات واضح کر دی تھی کہ وہ عالمی کپ سے قبل پاکستان اور سری لنکا کے مابین سیریز کھیلیں گے مگر انہوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور بنگلہ دیش کی لیگ کھیلنے کو ترجیح دی۔ایک رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کو انتظامیہ کی جانب سے بتا دیا گیا تھا کہ چونکہ اے بی ڈی ویلیئرز 12 ماہ میں کوئی بین الاقوامی اور مقامی کرکٹ نہیں کھیلے اس لئے انہیں منتخب نہ کیا جائے۔
وقت اشاعت : 16/01/2020 - 14:36:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :