بنگلہ دیش کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان،

شعیب ملک، محمد حفیظ اور شاہین شاہ آفریدی کی اسکواڈ میں واپسی سیریز کے تین میچز24،25 اور 27جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے ہمیں اب وننگ ٹریک پر آنا ہوگا، تجربہ کارنوجوان کھلاڑیوں کا انتخاب قومی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لا ئیگا، کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے قومی اسکواڈ میں چند تبدیلیاں کی گئی ہیں،مصباح الحق محمد حفیظ اور شعیب ملک کی شمولیت سے متعلق اپنی درخواست کی منظوری پر سلیکشن کمیٹی کا مشکور ہوں، کپتان بابراعظم

جمعرات 16 جنوری 2020 18:02

بنگلہ دیش کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان،
لاہور۔16 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2020ء) بنگلہ دیش کیخلاف تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تین ان کیپڈ کرکٹرز احسان علی،حارث رؤف اور عماد بٹ کو قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔دوسری جانب تجربہ کار شعیب ملک، محمد حفیظ اور شاہین شاہ آفریدی کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے تین میچز24،25 اور 27جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ نومبر میں دورہ آسٹریلیا کیلئے روانہ ہونے والی16 رکنی قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں7 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ سیریز میں پاکستان کو2-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔دورہ آسٹریلیا کیلئے قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں شامل فخر زمان، آصف علی،حارث سہیل،امام الحق، وہاب ریاض، محمد عامر اور محمد عرفان کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

آصف علی، فخر زمان، محمد عامر، وہاب ریاض اور حارث سہیل سری لنکا کیخلاف سیریز میں بھی قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ کا حصہ تھے۔ سری لنکا نے پاکستان کیخلاف سیریز میں 3-0 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ قومی ٹی ٹونٹی کپ میں سندھ کی نمائندگی کرنے والے 26 سالہ کرکٹر احسان علی نے 5میچوں میں 148.86 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 131 رنز بنائے تھے۔ ایونٹ میں 24سالہ آلراؤنڈر عماد بٹ نے دس وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 170 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 80 رنز بھی اسکور کیے۔

قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں 6 وکٹیں حاصل کرنے والے 26 سالہ فاسٹ باؤلر حارث رؤف اس وقت میں آسٹریلیا میں جاری بگ بیش ٹی ٹونٹی لیگ میں 16 وکٹیں حاصل کرکے ٹورنامنٹ کے بہترین باؤلرز کی فہرست میںدوسرے نمبر پر ہیں۔ٹیم کے اعلان کے موقع پر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کپتان بابر اعظم کے ساتھ پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق نے کہاکہ قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کوگذشتہ 9 میں سے 8 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، بطور نمبر ون ٹی ٹونٹی ٹیم یہ کارکردگی ناقابل قبول ہے۔

مصباح الحق نے کہاکہ ہمیں شکستوں سے جان چھڑا کراب وننگ ٹریک پر چڑھنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ سری لنکا اور آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں مختلف کمبی نیشنزاپنائے گئے مگر نتائج توقعات کے مطابق نہیں رہے۔مصباح الحق نے کہاکہ شعیب ملک اور محمد حفیظ دونوں کے میچز کی تعداد کو ملایا جائے تو کل200 ٹی ٹونٹی میچزبنتے ہیں، اس کثیر تجربے کے ہمراہ نوجوان کھلاڑیوں کا انتخاب قومی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لائے گا۔

چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ ٹیم سے ڈراپ کیے گئے کھلاڑی ہرگز مستقبل کے لیے ان کی حکمت عملی سے خارج نہیں ہوئے بلکہ ان کھلاڑیوں کی بین الاقوامی کرکٹ میں حالیہ کارکردگی اور قومی ٹی ٹونٹی کپ میں کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے قومی اسکواڈ میں چند تبدیلیاں کی گئی ہیں۔مصباح الحق نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل2020ء کے آغاز میں چند روز ہی باقی رہ گئے ہیں، اگر ٹیم سے ڈراپ کیے گئے کھلاڑی 20 فروری سے شروع ہونے والی ٹورنامنٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں تووہ ایشیا کپ اور آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔

مصباح الحق نے کہاکہ بنگلہ دیش سیریزدرحقیقت دو بڑے ایونٹس کے لیے تیاریوں کاسلسلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعیب ملک، محمد حفیظ اور شاہین شاہ آفریدی کی واپسی سے ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کا اضافہ ہوگا جبکہ حارث رؤف، عماد بٹ اور احسان علی کی صورت میں نئے کرکٹرز کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ وہ اسکواڈکے انتخاب پر خوش ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ محمد حفیظ اور شعیب ملک کی شمولیت سے متعلق اپنی درخواست کی منظوری پر سلیکشن کمیٹی کے مشکور ہیں۔

بابراعظم نے کہاکہ دونوںکرکٹرز اب بھی محدود فارمیٹ میں مزید کچھ عرصہ پاکستان کی نمائندگی کرنے کے اہل ہیں۔قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ احسان علی، عماد بٹ اور حارث رؤف جیسے باصلاحیت کرکٹرز کے انتخاب کے لیے یہ وقت موزوں ہے۔اسکواڈ میںبابراعظم( کپتان)، احسان علی، عماد بٹ، حارث رؤف، افتخار احمد، عماد وسیم ، خوشدل شاہ، محمد حفیظ ، محمد حسنین ، محمد رضوان( وکٹ کیپر)، شاہین شاہ آفریدی، شعیب ملک اورعثمان قادر شامل ہیں۔شیڈول کے مطابق پہلا ٹی ٹونٹی24 جنوری بروز جمعتہ المبارک، دوسرا 25جنوری بروز ہفتہ اور تیسرا ٹی ٹونٹی27جنوری بروزپیر کو لاہورمیں کھیلا جائیگا۔
وقت اشاعت : 16/01/2020 - 18:02:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :