باکسنگ لیگ پاکستان (بی ایل پی) پی ایس ایل کی طرز پر منعقد ہو گی،سیّد نعمان شاہ

پیر 27 جنوری 2020 17:49

باکسنگ لیگ پاکستان (بی ایل پی) پی ایس ایل کی طرز پر منعقد ہو گی،سیّد نعمان شاہ
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2020ء) پاکستان پروفیشنل باکسنگ لیگ (پی پی بی ایل) کے صدر سیّد نعمان شاہ نے کہا ہے کہ باکسنگ لیگ پاکستان (بی ایل پی) پی ایس ایل کی طرز پر منعقد ہو گی اور ٹی۔20 کرکٹ لیگ کی طرح بی ایل پی بھی ایک واحد ادارہ ہو گا۔ پیر کو اپنے ایک بیان انہوں نے کہا کہ باکسنگ لیگ میں سات سے آٹھ فرنچائزز ہوں گی، صاف و شفاف اور نظم و ضبط سے کھلی بولی کے دوران سب سے زیادہ بولی دینے والے کو فرنچائزز ملیں گی۔

انہوں نے کہا کہ متعدد سرمایہ کار لیگ میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور جلد ہی اس سلسلہ میں ایک بڑا اعلان کیا جائے گا۔ دریں اثنا نعمان شاہ نے پی پی بی ایل کے نائب صدر ایئر مارشل (ر) عتیق صدیق اور ڈائریکٹر پی پی بی ایل حبیب الرحمن کے ہمراہ پی پی بی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے نامزد چیئرمین اور سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل (ر) احسان الحق سے ملاقات کی اور انہیں بی ایل پی کی تقریب کے حوالہ سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

پی پی بی ایل نے اس سے قبل پاکستان باکسنگ فیڈریشن (پی بی ایف) کے اشتراک سے 25 جنوری کو لاہور میں تقریب کا اعلان کیا تھا لیکن اسی روز پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین دوسرا ٹی ٹونٹی میچ تھا جس کی وجہ سے باکسنگ لیگ کی تقریب ملتوی کر دی گئی تھی، اب نئے شیڈول کے مطابق تقریب یکم فروری کو ہو گی۔ پی پی بی ایل کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔
وقت اشاعت : 27/01/2020 - 17:49:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :