بھارت نے ایشیا کپ پاکستان میں ہونے کی صورت میں ٹیم بھیجنے سے صاف انکار کردیا

پاکستان کی میزبانی اور اس کے حقوق پر کوئی اعتراض نہیں لیکن ایونٹ کا انعقاد کسی نیوٹرل وینیو پر ہونا چاہیے،بھارتی کرکٹ بورڈ عہدیدار - بھارتی ٹیم ایشیا کپ کیلیے نہیں آتی تو ہمیںبھی حق حاصل ہوگا اپنی ٹیم کو ورلڈکپ2021 میں شرکت کیلیے بھجوانے کے بارے میں سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں، وسیم خان

بدھ 29 جنوری 2020 23:18

بھارت نے ایشیا کپ پاکستان میں ہونے کی صورت میں ٹیم بھیجنے سے صاف انکار کردیا
ممبئی ، لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جنوری2020ء) بھارت نے ایشیا کپ پاکستان میں ہونے کی صورت میں ٹیم بھیجنے سے صاف انکار کردیا، ۔ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ میں شرکت کیلیے نہیں آتی تو انھیں بھی حق حاصل ہوگا کہ اپنی ٹیم کو وہاں شیڈول ورلڈکپ2021 میں شرکت کیلیے بھجوانے کے بارے میں سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں،اگرچہ پی سی بی کی جانب سے اس موقف کی وضاحت بھی پیش کردی گئی تھی لیکن بھارتی ٹیم کی پاکستان میں ہونے والے میچز میں شرکت پر بہت بڑا سوالیہ نشان موجود ہے، اس سے قبل دونوں ملکوں میں کشیدگی کے سبب پاکستانی کرکٹرز کوویزا اور سیکیورٹی مسائل کے پیش نظر بی سی سی آئی کو ایشیا کپ 2018 کی میزبانی یواے ای میں کرنا پڑی تھی۔

بھارتی اخبار ’’ٹائمز آف انڈیا‘‘ میں سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق بی سی سی آئی نے پاکستان میں رواں سال ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت سے صاف لفظوں میں انکار کردیا۔

(جاری ہے)

ایک بورڈ عہدیدار کا کہنا ہے کہ پاکستان کی میزبانی اور اس کے حقوق پر کوئی اعتراض نہیں لیکن ایونٹ کا انعقاد کسی نیوٹرل وینیو پر ہونا چاہیے،ہماری ٹیم وہاں نہیں جا سکتی، موجودہ حالات میں کسی کثیر ملکی ٹورنامنٹ کیلیے بھی بلو شرٹس کے دورے کا کوئی امکان نہیں، اگر ایشین کرکٹ کونسل بھارت کے بغیر ہی پاکستان میں ایشیا کپ کرانے کا فیصلہ کرتی ہے تو یہ الگ بات ہوگی،اگر بلو شرٹس نے شرکت کی تو ایونٹ کسی نیوٹرل وینیو پر ہی ہوگا،یہ آپشن پہلے بھی استعمال کیا جاچکا، ایشیا کپ 2018میں بھارت نے اپنے میزبانی حقوق برقرار رکھے لیکن مقابلوں کا انعقاد یواے ای میں کیا،اس میں پاکستان ٹیم نے بھی شرکت کی،اب بھی ایسا کیا جاسکتا ہے۔

یاد رہے کہ زمبابوے،ورلڈ الیون،سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے بعد بنگلہ دیش کی بھی میزبانی کرنے والا پاکستان اب دیگر ٹیموں کے ساتھ کثیر ملکی ٹورنامنٹ کرانے کا خواب دیکھ رہا ہے،پی سی بی کوایشیا کپ 2008کے بعد رواں برس پہلی بار کسی میگا ایونٹ کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوگا۔
وقت اشاعت : 29/01/2020 - 23:18:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :