کیویز کو پہلے ون ڈے میں شکست دیکر سیریز کا فاتحانہ آغاز کریں گے، راویندرا جدیجہ

منگل 4 فروری 2020 14:57

کیویز کو پہلے ون ڈے میں شکست دیکر سیریز کا فاتحانہ آغاز کریں گے، راویندرا جدیجہ
ہملٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2020ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر راویندرا جدیجہ نے کہا ہے کہ میزبان ٹیم کو پہلے ون ڈے میچ میں شکست دیکر تین میچوں کی سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ میزبان ٹیم کے خلاف پانچ ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کلین سویپ کرنے کے بعد انکی ٹیم بھرپور فارم میں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کیویز ٹیم کو اس کی سرزمین پر شکست دینا آسان نہیں ہے تاہم انکی ٹیم نے سیریز سے قبل بھرپور تیاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ کیویز کے خلاف ابتدائی ون ڈے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

جدیجہ نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شرکت کے لئے بے تاب ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میزبان ٹیم کو ابتدائی میچ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کیویز کے خلاف سیریز میں کامیابی کے لئے ٹیم کو تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل بدھ کو ہملٹن میں شیڈول ہے جو ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔
وقت اشاعت : 04/02/2020 - 14:57:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :