مہران کلب نے یوم یکجہتی کشمیر فٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا، الفیصل کلب کو فائنل میں 2-1 سے شکست

جمعرات 6 فروری 2020 16:41

مہران کلب نے یوم یکجہتی کشمیر فٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا، الفیصل کلب کو فائنل میں 2-1 سے شکست
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2020ء) مہران کلب نے الفیصل کلب کو2-1 سے شکست دے کر یوم یکجہتی کشمیر فٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم تھے جنہوں نے کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر ہما فٹ بال کلب کے صدر سید ذاکر حسین نقوی، اسلام آباد ریفریز ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری محمد طالب، اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سید مقبل حسین نقوی، پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری جنرل شوکت علی، مہران کلب کے صدر محمد زمان، جناح کلب کے صدر طارق محمود چوہدری، الفیصل کلب کے صدر محمد شدیر اورحیدری کلب کے سیکرٹری شفقت رضا کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض محمد اجمل صابری نے انجام دیئے۔

(جاری ہے)

کراچی کمپنی فٹ بال گرائونڈ میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میں وقفے تک مہران کلب کو الفیصل کلب کے خلاف 1-0 گول سے برتری حاصل تھی دوسرے ہاف میں الفیصل کلب نے ایک گول جبکہ مہران کلب نے مزید ایک گول کرکے مقابلہ 2-1 گو ل سے جیت لیا۔ مہران کلب کی طرف سے کاشف اور عبداللہ نے ایک ایک گول کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ الفیصل کلب کی طرف سے واحد گول توقیر نے کیا۔

میچ ریفری کے فرائض چوہدری محمد شریف نے انجام دیئے، یہ ٹورنامنٹ الفیصل کلب کے زیراہتمام کھیلا گیا، الفیصل کلب کے صدر محمد شدیر نے بتایاکہ ان کا تعلق ضلع باغ، آزاد جموں و کشمیر سے ہے اور اسلام آباد میں ملازم ہونے کی وجہ سے وہ ہر سال اسلام آباد میں کشمیری عوام کے ساتھ یوم یکجہتی کشمیر مناتے ہوئے فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقادکرواتا ہے، انہوں نے ہما کلب کے صدر سید ذاکر حسین نقوی، مہران کلب کے محمد زمان اور فالکن کلب کے صدر عرفان خان نیازی کا ٹورنامنٹ منعقد کروانے میں اہم تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا۔
وقت اشاعت : 06/02/2020 - 16:41:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :