ملتان سلطانز نے پی ایس ایل 5 کیلئے اپنے کپتان کے نام کا اعلان کردیا

ٹیم کے مینٹور شاہد خان آفریدی نے اوپننگ بلے باز شان مسعود کو ٹیم کی قیادت کی ذمے داری دیے جانے کی تصدیق کر دی

muhammad ali محمد علی جمعہ 7 فروری 2020 20:54

ملتان سلطانز نے پی ایس ایل 5 کیلئے اپنے کپتان کے نام کا اعلان کردیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 فروری2020ء) ملتان سلطانز نے پی ایس ایل 5 کیلئے اپنے کپتان کے نام کا اعلان کردیا، ٹیم کے مینٹور شاہد خان آفریدی نے اوپننگ بلے باز شان مسعود کو ٹیم کی قیادت کی ذمے داری دیے جانے کی تصدیق کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز نے سیزن 5 کیلئے اپنے کپتان اور سینئر آل راونڈر شعیب ملک کو ریلیز کر دیا تھا۔

شعیب ملک اب پشاور زلمی کا حصہ بن چکے ہیں۔ شعیب ملک کی رخصت کے بعد سوال کیا جا رہا تھا کہ ملتان سلطانز کا نیا کپتان کون ہوگا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر شاہد آفریدی ملتان سلطانز کے نئے کپتان ہوں گے۔ تاہم اب بتایا گیا ہے کہ ملتان سلطانز کی مینیجمنٹ نے پی ایس ایل 5 کیلئے اپنے نئے کپتان کا چناع کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ شعیب ملک کے ٹیم کو خیرباد کہہ جانے کے بعد اب شان مسعود ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔

اس حوالے سے ٹیم کے مینٹرو شاہد آفریدی نے باقاعدہ تصدیق بھی کر دی ہے۔

شاہد آفریدی نے ایک ٹوئٹ میں شان مسعود کو ٹیم کی کپتانی دیے جانے پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس پر ٹیم کے مالک اور تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین نے ردعمل دیتے ہوئے کہا اس حوالے سے جلد باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ٹیم کے مالک علی ترین نے گزشتہ برس ملتان سلطانز کی فرنچائز خریدی تھی۔ ملتان سلطانز اب تک پی ایس ایل کے 2 سیزنز میں شرکت کر چکی ہے، اور دونوں سیزنز میں پلے آف مرحلے تک پہنچنے میں ناکام رہی۔ یہ بھی واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 5 کا میلہ شروع ہونے میں چند ہی روز باقی رہ گئے ہیں۔ 4 سیزنز کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز پاکستان میں ہی کھیلے جائیں گے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز رواں سیزن میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔
وقت اشاعت : 07/02/2020 - 20:54:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :