راولپنڈی ٹیسٹ، پاکستان نے بنگلہ دیش کو اننگز اور 44 رنز سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، نسیم شاہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

پیر 10 فروری 2020 13:20

راولپنڈی ٹیسٹ، پاکستان نے بنگلہ دیش کو اننگز اور 44 رنز سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، نسیم شاہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2020ء) پاکستان نے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو اننگز اور 44 رنز سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، ٹیسٹ کے چوتھے روز بنگلہ دیشی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 168 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، نسیم شاہ اور یاسر شاہ نے چار، چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، نسیم شاہ کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔

پیر کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹیسٹ کے چوتھے روز بنگلہ دیش نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 126 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو کپتان مومن الحق 37 اور لٹن داس صفر پر کھیل رہے تھے، مومن الحق گزشتہ روز کے سکور میں صرف 4 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، 156 کے مجموعی سکور پر بنگلہ دیش کی آٹھویں وکٹ گر گئی جب روبیل حسین 5 رنز بناکر محمد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

(جاری ہے)

لٹن داس کو 29 کے مجموعی سکور پر یاسر شاہ نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ ابو جائید بنگلہ دیش کے دسویں اور آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 3 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، اس طرح بنگلہ دیش کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 168 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اسے اننگز اور 44 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، نوجوان فاسٹ بائولر نسیم شاہ نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور کیریئر کی پہلی ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

یاسر شاہ نے چار جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور محمد عباس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ نسیم شاہ کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 233 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں پاکستان نے 445 رنز بنائے تھے۔
وقت اشاعت : 10/02/2020 - 13:20:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :