پی سی بی بنگلہ دیش کے خلاف ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کا خواہاں

پنک بال ٹیسٹ کی میزبانی کے لیے تیار ہیں:وسیم خان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 10 فروری 2020 16:43

پی سی بی بنگلہ دیش کے خلاف ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کا خواہاں
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10فروری2020ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے اتوار کے روز انکشاف کیا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو اپریل میں نیشنل کرکٹ سٹیڈیم، کراچی میں شیڈول دوسرا ٹیسٹ مصنوعی روشنی میں کھیلنے کی تجویز بھیجی گئی ہے ۔ وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کے لیے تیاری کررہا ہے تاہم ابھی ہمیں بنگلہ دیشی بورڈ کے حتمی جواب کا انتظار ہے۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ انٹر نیشنل کرکٹ پاکستان میں واپس آرہی ہے اور دنیا کی دیگر ٹیمیں بھی ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیل رہی ہیں اسی لیے ہم بھی اپنے کھلاڑیوں کو اس طرح کی کرکٹ کھیلنے کے مواقع دینا چاہتے ہیں اور پنک بال میچز کی میزبانی کے منتظر ہیں۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے سی ای او نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے مارچ، اپریل میں اپنی ٹیم کو تین میچوں کی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کے لئے پاکستان بھیجنے کا مثبت جواب دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقی ٹیم اپنے دورہ بھارت کا اختتام 18 مارچ کو کرے گی جب کہ پاکستان سپر لیگ کے 5 ویں ایڈیشن کا فائنل 22 مارچ کو قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں کھیلا جائے گا اور ہم دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹی ٹونٹی 24 مارچ کو کروانے کی پلاننگ کررہے ہیں۔                                                                                                          
وقت اشاعت : 10/02/2020 - 16:43:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :