آسٹریلیا نے تین ملکی ویمنز ٹی 20 سیریز جیت لی، فائنل میں بھارتی خواتین ٹیم کو 11 رنز سے شکست، جیس جوناسن میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں

بدھ 12 فروری 2020 17:07

آسٹریلیا نے تین ملکی ویمنز ٹی 20 سیریز جیت لی، فائنل میں بھارتی خواتین ٹیم کو 11 رنز سے شکست، جیس جوناسن میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں
میلبورن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2020ء) آسٹریلیا نے جیس جوناسن کی عمدہ بائولنگ کی بدولت تین ملکی ویمنز ٹی 20 کرکٹ سیریز جیت لی، میزبان ویمنز ٹیم نے فائنل میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد بھارتی خواتین ٹیم کو 11 رنز سے شکست دی، جیس جوناسن نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 15 رنز کے عوض 5 بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، بیتھ مونی نے ناقابل شکست 71 رنز بناکر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، جیس جوناسن کو میچ جبکہ بیتھ مونی کو سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بدھ کو میلبورن میں کھیلے گئے سیریز کے فائنل میچ میں آسٹریلیا ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے، بیتھ مونی نے 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ایشلے گارڈنر اور کپتان لیننگ نے بالترتیب 26، 26 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

دیپتی شرما اور راجشواری نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ بھارتی خواتین ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 144 رنز بناسکی۔ سمریتی مندھانا نے 66 رنز سکور کئے تاہم وہ ٹیم کو فتح نہ دلا سکی، آسٹریلیا کی طرف سے جیس جوناسن نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور میچ کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔ بیتھ مونی کو سیریز کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
وقت اشاعت : 12/02/2020 - 17:07:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :