کھتری ویٹرن کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹرافی حمید الیون نے اپنے نام کرلی

جمعرات 13 فروری 2020 18:08

کھتری ویٹرن کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹرافی حمید الیون نے اپنے نام کرلی
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2020ء) کھتری ویٹرن کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں حمید الیون نے باآسانی مجید الیون کو 56 رنز سے شکست دیکر فاتح ٹرافی اپنے نام کرلی۔ النادل البرہانی اسپورٹس کمپلیکس، کراچی میں کھیلے گئے فائنل میں حمید الیون نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 15اوورز میں7وکٹوں پر 128رنز اسکور کئے۔ حمید سوئٹر والا 35رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ عرفان نے 25رنز اسکور کئے۔

یحییٰ نے 28رنز کے عوض 2کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ حمید سوئٹر والا مین آف دی فائنل قرار پائے۔ میچ کے اختتام پرکے سی سی اے کے سابق رکن ایگزیکٹیو افضل قریشی نے فائنلسٹ ٹیموں کے کپتانوں میں ونر اور رنر ٹرافی کے علاوہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کرکٹرز میں انعامات بھی تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

افضل قریشی نے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ویٹرن کرکٹرز کے کرکٹ کے جنون کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ تمام تر مصروفیت کے باوجود صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لے کر نہ صرف اپنی فٹنس کو برقرار رکھتے ہیں بلکہ ویٹرن مقابلوں میں حصہ لے کر دیگر ویٹرن کھلاڑیوں کو کرکٹ کی جانب متوجہ کرتے ہیں۔

مہمان خصوصی نے کھتری ویٹرن کرکٹ ٹورنامنٹ کے آرگنائزرز کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور ویٹرن کی سطح پر کرکٹ کے کھیل کو فروغ دینے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اس سے قبل پہلے سیمی فائنل میں مجید الیون نے نسیم الیون کو 8 وکٹوں سے زیر کیا۔ نسیم الیون نے مقررہ 12اوورز میں 8 وکٹوں پر 58رنزبنائے۔ جوابی اننگز میں مجید الیون نے 2وکٹوں پر مطلوبہ ہدف 59رنز حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنائی۔

جواد ہرن والا 32رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ شعیب کو 32رنز پر 2وکٹ ملے۔ دوسرے سیمی فائنل میں حمید الیون کو فضل الیون کیخلاف 8وکٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی۔ فضل الیون نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور مقررہ 12اوورز میں 6وکٹوں پر 86رنز کا ٹوٹل حاصل کیا۔ فرحان چیمی 18 اور فضل عیسانی اور زاہد 16,16رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ایان سوئٹروالا نے 14رنز پر 3 کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ حمید الیون نے 9 اوورز میں فتح کو یقینی بنا لیا، انہوں نے 2 وکٹوں پر 87رنز کا حدف حاصل کیا۔ حمید سوئٹر والا 38 رنز اور رضوان 20 رنز اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔
وقت اشاعت : 13/02/2020 - 18:08:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :