اسلام آباد یونائیٹڈ و ملتان سلطانز کے درمیان ٹکراؤ

گذشتہ ایڈیشنز میں یہ دونوں ٹیمیں 4 مرتبہ مدمقابل آئیں

جمعہ 14 فروری 2020 20:05

اسلام آباد یونائیٹڈ و ملتان سلطانز کے درمیان ٹکراؤ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 فروری2020ء) شائقین کرکٹ گذشتہ چار ایڈیشنز سے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے سنسنی خیز میچوں سے محظوظ ہورہے ہیں۔ ابتدائی دو ایڈیشنز میں پانچ ٹیموں پر مشتمل ایونٹ کے تیسرے ایڈیشنز میں چھٹی ٹیم، ملتان سلطانز کو ٹورنامنٹ کا حصہ بنایا گیا۔یوں تو ملتان سلطانز کی ٹیم اب تک کسی ایڈیشن کے پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل نہیں کرسکی تاہم ایونٹ میں بہتر کارکردگی کے باعث ملتان سلطانز حریف ٹیموں پر اپنی دھاک بٹھانے میں کامیاب رہی ہے۔

اس دوران ملتان سلطانز نے ایونٹ میں متعدد سنسنی خیز میچوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے ان کے ٹاکرے مشہور ہیں۔ایچ بی ایل پی ایس ایل میں ملتان سلطانز اولیائ کے شہر اور اسلام آباد یونائیٹڈ وفاقی دارالحکومت کی نمائندگی کرتی ہے۔

(جاری ہے)

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹاکرا 22 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور اور دوسرا 8 مارچ کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ہوگا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سابقہ مقابلوں کے نتائج کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان جیت کا تناسب 50،50 فیصد ہے۔ دونوں ٹیمیں اس سے قبل 4 مرتبہ مدمقابل آئیں جہاں 2 میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور 2 میں ملتان سلطانز نے کامیابی حاصل کی۔دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں مدمقابل آئیں۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2018 کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان گروپ مرحلے میں 2 میچز کھیلے گئے۔

25 فروری کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو بآسانی شکست سے دوچار کیا۔ ملتان سلطانز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 113 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف 14 گیندیں قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ 13 مارچ 2018 کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

لیوک رونکی کی نصف سنچری کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو مقررہ 20 اوورز میں 186 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں کیرون پولارڈ نے ملتان سلطانز کی جانب سے جارحانہ اننگز کھیلی مگر وہ ٹیم کو میچ جتوانے میں ناکام رہے۔ کیرون پولارڈ نے 47 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 33 رنز سے میچ میں کامیابی حاصل کی۔لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے دونوں گروپ میچز میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو آؤٹ کلاس کرکے گذشتہ ایڈیشن کا بدلہ چکا دیا۔

ایڈیشن 2019 کے دونوں میچوں میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بالترتیب 5 اور 6 وکٹوں سے شکست دی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ایونٹ کا پہلا میچ 16 فروری کو کھیلا گیا۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز ہی بناسکی، کپتان شعیب ملک نے ناقابل شکست 31 رنز بناکر ملتان سلطانز کو ایونٹ میں کامیابی دلادی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ایونٹ کا دوسرا میچ 26 فروری کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں ملتان سلطانز نے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔اسلام آباد یونائیٹڈ سے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں بہتر کارکردگی کی امید کی جارہی ہے۔ 2 مرتبہ کی چیمپئن فرنچائز نے ایڈیشن فائیو کے لیے ایک مضبوط ٹیم کا انتخاب کیا ہے۔ دنیائے کرکٹ کے بہترین فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین پہلی بار ایونٹ میں شرکت کررہے ہیں وہ ایڈیشن 2020 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کریں گے۔

ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے فہیم اشرف بھی لیگ اسپنر شاداب خان کی زیر قیادت میدان میں اتریں گے۔ مضبوط باؤلنگ لائن اپ کا سامنا کرنے کے لیے معین علی، شاہد آفریدی، روی بوپارہ، جیمز ونس، ریلی روسو اور خوشدل شاہ ملتان سلطانز کی جانب سے جارحانہ بلے بازی کرنے کے لیے میدان میں اتریں گے۔ معین علی پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شرکت کررہے ہیں۔

ٹیم کی قیادت تجربہ کار ٹیسٹ کرکٹر شان مسعود کررہے ہیں۔ٹی ٹونٹی اسپیشلسٹس سہیل تنویر، محمد عرفان اور عمران طاہر پر مشتمل ملتان سلطانز کے باؤلنگ اٹیک کا سامنا کرنے کے لیے کولن انگرام، کولن منرو، آصف علی، لیوک رونکی اور ڈیوڈ ملان اسلام آباد یونائیٹڈ کو دستیاب ہوں گے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 بیس فروری سے بائیس مارچ تک کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلی جائے گی۔ ایونٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کراچی میں جبکہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔لیگ کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ www.yayvo.com پر دستیاب ہے جبکہ شائقین کرکٹ ٹی سی ایس کے ایکسپریس سنٹرز سے بھی ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔
وقت اشاعت : 14/02/2020 - 20:05:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :