پیسوں کی چمک دمک سابق برطانوی فاسٹ باولر ڈومنک کورک کو پاکستان واپس لے آئی

2009ء میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد اپنی زندگی میں پاکستان واپس نہ آنے کا تہیہ کرنیوالے ڈومنک کورک پی ایس ایل5 کی کمنٹری ٹیم کا حصہ بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 15 فروری 2020 16:33

پیسوں کی چمک دمک سابق برطانوی فاسٹ باولر ڈومنک کورک کو پاکستان واپس لے آئی
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15فروری 2020ء) پیسوں کی چمک دمک سابق برطانوی فاسٹ باولر ڈومنک کورک کو پاکستان واپس لے آئی- 3 مارچ 2009ء کو سری لنکن ٹیم پر دہشتگرد حملے کے وقت ڈومنک کورک برطانوی سپورٹس چینل ’سکائی ‘ کی کمنٹری ٹیم کا حصہ تھے اور انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ اب اپنی زندگی میں واپس پاکستان نہیں آئیںگے ،ان کا مزید کہنا تھا کہ دیگر انٹر نیشنل کرکٹ ٹیموں کو بھی پاکستان واپس نہیں آنا چاہیئے چاہے پاکستان کے حالات ٹھیک ہونے میں 10 یا 20 سال لگ جائیں- یوں محسوس ہوتا ہے کہ پیسوں کی چمک دمک نے ڈومنک کورک کو اپنا عہد بھلا دیا ہے جو اب پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے لیے کمنٹری ٹیم کا حصہ بن کر پاکستان آرہے ہیں-یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کی قومی زبان “اردو” میں کمنٹری نشر کی جائے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کے مداحوں کو کھیل سے جوڑے رکھنے کے لیے ٹیلی ویژن میچ کی براہِ راست نشریات کے دوران انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو میں رواں تبصروں کا بھی اہتمام کیا ہے۔‏ اس حوالے سے رمیز راجہ، بازید خان، وقار یونس اور عروج ممتاز اردو میں کمنٹری کریں گے۔ سابق کھلاڑیوں پر مشتمل یہ کمنٹری پینل ناظرین کو میچ کے دوران ہر اننگز میں 5 اوورز تک اردو میں کمنٹری فراہم کریں گے، جو مقامی چینلز پر نشر ہوگی۔

علاوہ ازیں پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020ءکےآخری تین میچوں کے دوران اسپائیڈر کیم کے ذریعے کھلاڑیوں اور کمنٹیٹرز کے درمیان رابطہ بھی آن فیلڈ ایکشن کے ذریعے شائقین کرکٹ کو ٹی وی اسکرینز سےجڑے رہنے پر مجبور کرے گا۔ اس دوران گراؤنڈ میں موجود کھلاڑی، کمنٹری باکس میں موجود کمنٹیٹر سے محو گفتگو ہوگا۔ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020ء کی براڈ کاسٹ کوریج کے دوران کُل 28 کیمراز کا استعمال کیا جائے گا جس میں سپر سلو اور الٹرا موشن کیمراز بھی شامل ہیں۔

لیگ کے دوران اسپائیڈر کیم اور ہاک آئی بال ٹریکنگ کا نظام چاروں شہروں، کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جانے والے میچوں کے دوران دستیاب ہوگا۔ اس حوالے سے پی سی بی نےایچ بی ایل پی ایس ایل کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان بھی کردیا ہے۔آسٹریلیا اور نیدرلینڈز کے سابق کرکٹر ڈرک نینِز،جنوبی افریقا کے سابق کرکٹر ایچ ڈی ایکرمن، انگلینڈ کے سابق کرکٹر مارک بُچر، ڈومِنک کورک اور جنوبی افریقہ کی خاتون کمنٹیٹر کاس نائیڈو پہلی بار ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کمنٹری کریں گے۔ دوسری جانب ڈینی موریسن، مائیکل سلیٹر، ایلن ولکنز اورجونٹی رھوڈز کو کمنٹری پینل میں برقرار رکھا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 15/02/2020 - 16:33:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :